‘مریم نے باپ کو مروایا، پارٹی کو بھی مروائے گی‘



اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید کے مطابق مریم نواز نے نوازشریف کو مروایا ہے اور اب پارٹی کو بھی مروائے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جج والی ویڈیو میں ن لیگ پھنس گئی ہے کیوں کہ جن کو یہ شہادتوں کے لیے پیش کرنے جا رہے ہیں ہو سکتا ہے وہ مکر جائیں۔

حکومت کیخلاف اپوزیشن کے احتجاج پر شیخ رشید نے کہا کہ صرف فضل الرحمان مدارس سے بندے نکال سکتا تھا لیکن اب وہ بھی اس قابل نہیں رہا۔

شیخ رشید نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا میں پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ ایل این جی کا معاہدہ حکومتوں کے درمیان نہیں ہوا۔

ان کا کہناتھا کہ اب سلطانی گواہ سامنے آگئے ہیں تو کیس مزید مضبوط ہوگیا ہے، میں تفتیش کارنہیں ہوں لیکن مجھے امید ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف مزید ثبوت بھی سامنے آئیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں کسی کا ترجمان نہیں ہوں لیکن اگر معاملے کو صحیح طریقے سے آگے نہ بڑھایا گیا تو ہوسکتا ہے نیب کیس ہار جائے۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ مجھے مریم نواز کی گرفتاری کا کوئی علم نہیں بس اتنا کہہ سکتا ہوں کہ بڑی باوقار خواتین کے نام کرپشن کرنے والوں میں آ رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ بد عنوان لوگوں کے ساتھ مزید سخت رویہ اپنانا چاہیے لیکن چونکہ یہ جمہوری ملک ہے تو ہمیں قانون کے مطابق چلنا پڑے گا۔

ن لیگ کے لوگ اور حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں

ن لیگ کے سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو تفتیش کے لیے بلایا تھا اور ان سے کاغذات منگوائے گئے تھے۔

نیب نے 16 تاریخ کو فیصلہ کرلیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم کے بارے میں نیب نے جو بھی فیصلہ کرنا ہے پہلے ہی کر لیے

مصدق ملک نے کہا کہ نیب جس طرح گرفتاریاں کر رہا ہے مجھے لگتا ن لیگ کے بندے اور حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں

پاکستان تحرک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر اپنے جواب میں کہا کہ جب تک عدالت فیصلہ نہ کر دے الزام رہتا ہے۔

انہوں نے کہا گرفتار کرنے کے بعد 24 گھنٹوں میں اس کی وجہ بتانی ہوتی لیکن اگر نیب نے گرفتاری کی ہے تو کوئی نہ کوئی جواز بھی ہوگا۔

جج ارشد ملک کی ویڈیو کے بعد کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ قانون کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے چار آپشن ہیں۔

ہائی کورٹ یہ فیصلہ کرے گی کہ ارشد ملک کا فیصلہ قائم رہے گا یا نہیں، نیا جج تعینات کرے جو تمام کیسز پر دوبارہ فیصلہ سنائے

عدالت عالیہ حکم دے سکتی ہے تمام کیسز کا فیصلہ نیا جج کرے گا جب کہ نیب اور نوازشریف اپنے کیسز میں نئے ثبوت بھی لا سکتے ہیں۔ ہائی کورٹ یہ حکم بھی دے سکتی ہے کہ تمام کیسز کا پورا ٹرائل نئے سرے سے ہو۔


متعلقہ خبریں