وزیراعظم عمران خان کے پندرہویں دورۂ لاہور کی مصروفیات


وزیراعظم عمران خان نےآج  لاہور میں ایک اور مصروف دن گزارا، گورنر اور وزیراعلی پنجاب سے الگ الگ ملاقات میں اہم امور زیر غور آئے، اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اجلاس کی صدارت بھی کی، عمران خان نے چیمبر آف کامرس کے نمائندگان کو مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کروا دی۔

وزیراعظم عمران خان کے  پندرہویں دورہ لاہور میں  وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار  نے انکا استقبال کیا، دونوں رہنماوں کی ون ٹو ون ملاقات  بھی ہوئی۔

سردار عثمان بزدار نے صوبائی حکومت کی کارکردگی اور اہم منصوبوں پر وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی،عمران خان نے وزیر اعلی کو مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم سے گورنر پنجاب بھی ملے،  چوہدری سرور نے صاف پانی، کرتار پور راہداری منصوبے اور اکتیس اگست کو انٹرنیشل سکھ کنونشن کے انتظامات سے متعلق وزیراعظم  کوآگاہ کیا۔

عمران خان کی زیر صدارت اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سے متعلق اجلاس بھی ہوا، وزیراعظم نے اسپتالوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم کو صنعتی شعبے، ایگری کارڈ اور محکمہ زراعت بارے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی،عمران خان نے انڈسٹریل لون کیلئے احساس پروگرام کے ڈیٹا بیس سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیرِ اعظم سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان بھی ملے، وفد نے درپیش مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے نمائندگان سے مسلسل رابطے میں رہنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ صنعتی ترقی کی بدولت روزگار میسر ہو گا ۔

مشیر وزیر اعلی ڈاکٹر سلمان شاہ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور صوبے میں سماجی و معاشی ترقی، زراعت اور صنعتوں کے فروغ کے لئے لائحہ عمل پر بریف کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو کمشنر لاہور کی جانب سے لاہور رنگ روڈ (جنوبی) و دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں لاہور شہر میں درختوں کی تعداد میں بتدریج کمی، زیرِ زمین پانی کی سطح کے گرنے، آبادی میں مسلسل اضافے کے باوجود سیوریج نظام پر عدم توجہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے پیدا ھونے والے مسائل کے حل کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیر اعظم نے لاہور شہر کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کی غفلت اور بدانتظامی پرافسوس کا اظہار کیا ۔

وزیراعظم  نے صورتحال پر قابو پانے، خصوصا ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج سے نمٹنے اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم نے لاہور شہر کے بے ترتیب پھیلاؤ اور دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی فوری طور پر مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت  بھی کی۔

یہ بھی پڑھیے: ملکی خوشحالی کیلئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے، وزیراعظم عمران خان

 


متعلقہ خبریں