ویڈیو میرے شوہر کے ہم شکل کی تھی، اہلیہ رانا ثنااللہ


منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان کی اہلیہ نبیلہ ثناء  نےالزام عائد کیا ہے کہ  انکے شوہر کے خلاف منشیات کیس ثابت کرنے کے لئے جعلی وڈیو بنائی گئی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو جاری کیے گئے اپنے وڈیو بیان میں نبیلہ ثنا نے کہا کہ رانا ثنااللہ خان کے خلاف انکا  ہم شکل تلاش کرکے منشیات پکڑنے کی جعلی ویڈیو بنا لی گئی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ رانا ثناء اللہ خان کے ہم شکل اور ان کی آواز کو مربوط طریقے سے ڈبنگ کرکے ویڈیو تیار کی گئی ہے اور میرے شوہر کی گاڑی کو موٹر وے پر اسی جگہ لے جا کر پورا سین فلمایا گیا ہے۔

نبیلہ ثنا نے اپنے وڈیو بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ اے این ایف  والے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کےلئے جعلی ویڈیو بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ جھوٹ ہوتاہے سچ سچ ہوتا ہے، رانا ثنااللہ خان کی منشیات پر جعلی ویڈیو پر کوئی اعتبار نہیں کرے گا، جھوٹ اب جھوٹ بولنے والوں کے گلے پڑے گا۔

واضح رہے کہ  رانا ثنا اللہ خان کویکم جولائی کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتاری کے بعد دو جولائی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیاتھا۔

رانا ثنا اللہ اور دیگر6 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔دیگر ملزمان میں اکرم ، عمر فاروق ، عامر رستم ، عثمان احمد اور سبطین خان شامل ہیں۔

رانا ثنااللہ پر درج ایف آئی آر میں منشیات ایکٹ کی  9 سی، 15، 17 اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مخبر نے اطلاع دی راناثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ہے، انکی گاڑی کو روکنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی، موٹر وے سے آنیوالی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔

رانا ثنااللہ کی گاڑی کو موٹروے پر روکا تو انکے ساتھیوں نے مزاحمت کی ۔روکے جانے پر رانا ثنا اللہ نے اے این ایف کے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی ۔

اے این ایف کی طرف سے درج ایف آئی آر میں کہا گیاہے کہ رانا ثنااللہ کی گاڑی سے 15کلو ہیروئن سمیت 21کلو منشیات برآمد کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: رانا ثنا اللہ کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا


متعلقہ خبریں