مریم کیخلاف نیب کی درخواست احتساب عدالت نے مسترد کردی


اسلام آباد: مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئیں جہاں قومی احتساب بیورو (نیب) کی ان کے خلاف جعلی ایون فیلڈ ریفرنس میں ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے معاملے پر آج طلب کیا تھا۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے سماعت کے دوران دلائل دیے کہ نیب کے درخواست ناقابل سماعت ہے کیوں کہ کارروائی کیلئے درخواست 30دن کے اندر ہی دی جا سکتی تھی۔

امجد پرویز کا کہنا ہے کہ عدالت نے خود اپنے اختیار کا استعمال کرتے ہوئے جعلی دستاویز پر مریم نواز کو کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ نیب اپیل کا حق فیصلے کے 30دن بعد کھو چکا اور اسے اب اختیار نہیں کہ درخواست دے۔

مریم نواز نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پولیس کی گاڑی اور بس کھڑی کرکے میری گاڑی کو روک دیا گیا جبکہ میں احتساب عدالت سے چند میٹر کے فاصلے پر تھی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نہیں چارہی کہ میں احتساب عدالت پہنچوں اور یہ شرم کا مقام ہے۔

اس موقع پر ن لیگی رہنماؤں مریم اورنگزیب، عظمٰی بخاری اور حنا پرویز بٹ سمیت لیگی کارکنوں نے مریم نواز کو رخصت کیا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن کے 15 سے زائد کارکن احتساب عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

مریم نواز نے پیشی کے موقع پر اپنے والد سے اظہار یکجہتی کے لیے نواز شریف کی تصویر کے پرنٹ والی شرٹ پہن رکھی ہے جس پر ’نواز شریف کو رہا کرو‘ لکھا ہے۔

نیب نے ن لیگی نائب صدر کے خلاف جعلی دستاویزات پر ٹرائل کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔

دوسری جانب پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنان آپس میں ہی لڑ پڑے۔ دھکم پیل کے دوران گاڑی کی ٹکر لگنے سے پارٹی رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق لیگی کارکنان میں مریم نواز کی گاڑی کو راستہ دینے کے معاملے پر جھگڑا ہوا۔

احتساب عدالت نے گزشتہ سال  6 جولائی کو ریفرنس میں مریم نواز کو آٹھ سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

مزید پڑھیں: نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے ایون فیلڈ ہائوس کی رہائش چھوڑ دی

عدالت نے مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دیا تھا۔

13 جولائی کو وطن واپسی پر نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

19ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے مختصر فیصلے میں نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزائیں معطل کرکے تینوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں