مفتاح اسماعیل کی سات روزہ درخواست ضمانت منظور


کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران شیخ کی ضمانت سات روز کے لیے منظور کر لی۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت کی جانب سے 5،5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جامشورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ میں من پسند افراد کو گیس فیلڈ کے ٹھیکے دینے پر مفتاح اسماعیل اور عمران شیخ کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر دونوں ملزمان نے حفاظتی ضمانت کےلیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مفتاح اسماعیل کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ہم باقاعدہ طور پر اسلام آباد نیب عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔

اس سے قبل مفتاح اسماعیل گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ پہنچے جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے اہلکار بھی عدالت میں موجود تھے۔

گزشتہ روز نیب نے کی ٹیم نے مفتاح اسماعیل کو گرفتار کرنے کی چار مرتبہ کوشش کی تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

ن لیگی رہنما پر الزام ہے کہ انہوں نے چیئرمین سوئی سدرن گیس کمپنی کی حیثیت سے غیر قانونی ٹھیکے دیے.

نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیر خزانہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

نیب کو مفتاح اسماعیل کی اسلام آباد میں موجودگی کی اطلاع ملی جس پر تین مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے تھے۔

کراچی میں موجودگی کی اطلاع ملنے پر نیب کی ٹیم نے مفتاح اسماعیل کے گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہاں سے بھی گرفتاری نہ ہوسکی۔


متعلقہ خبریں