غلاف کعبۃ اللہ کو تین میٹر بلند کردیا گیا لیکن کیوں؟

غلاف کعبۃ اللہ کو تین میٹر بلند کردیا گیا لیکن کیوں؟

مکۃ المکرمہ: غلاف کعبۃ اللہ ( کسوہ) کے نچلے حصے کو آج بروز جمعۃ المبارک زمین سے تین میٹر بلند کر دیا گیا ہے جس کے بعد باقی حصے کو سفید کپڑے سے ڈھانپا گیا ہے۔ سفید کپڑا جس سے کعبۃ اللہ کو ڈھانپا گیا ہے اس کا عرض دو میٹر کے قریب ہے۔

الحرمین الشریفین کے امور کی انتظامیہ کی جانب سے آج جمعے کے روز غلافِ کعبہ (کِسوہ) کے نچلے حصّے کو زمین سے 3 میٹر بلند کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد باقی رہ جانے والے حصے کو سفید کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

اسلام کے بنیادی پانچ اراکین میں سے آخری رکن حج بیت اللہ کے اختتام پر حسب معمول غلاف کعبۃ اللہ (کسوہ) کو پرانی حالت پہ بحال کردیا جائے گا۔

عربی ذرائع ابلاغ نے الحرمین الشریفین کے امور کی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ حج بیت اللہ کے آغاز پر غلاف کعبہ کو زمین سے اس لیے بلند کردیا جاتا ہے تاکہ ایک جانب اس کی صفائی برقرار رہے تو دوسری جانب اس کی حفاظت بھی یقینی ہو۔

عربی ذرائع ابلاغ کے مطابق حج بیت اللہ کے دوران حجاج کرام کی بہت بڑی تعداد غلاف کعبہ کو چومنے، چھونے اور اس سے لپٹنے کی کوشش کرتے ہیں جس میں اس بات کا احتمال ہوتا ہے کہ اسے نقصان پہنچ جائے تو اس سے محفوظ رہنے کے لیے یہ راستہ اختیار کیا جاتا ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر سرکاری اکاؤنٹ سے غلاف کعبۃ اللہ کو بلند کرنے کی چند تصاویر شیئر کی ہیں جنہیں عربی ذرائع ابلاغ نے شائع کیا ہے۔


متعلقہ خبریں