سر پر گیند لگنے کی صورت میں متبادل کھلاڑی کی اجازت

سر پر گیند لگنے کی صورت میں متبادل کھلاڑی کی اجازت

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مرد و خواتین کی ہر طرز کی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں میچ کے دوران گیند سر پر لگنے کے بعد چکر آنے والے کھلاڑی کے متبادل کی اجازت دے دی ہے۔

آئی سی سی نے اس قانون کی اجازت دو سال  ڈومیسٹک کرکٹ میں تجربہ کرنے کے بعد دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم اگست سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کے دوران اس قانون کو باقاعدہ طور پر لاگو کر دیا جائے گا۔

گیند سر پر لگنے کے بعد ٹیم کا ڈاکٹر اس بات کا تعین کرے گا کہ آیا وہ کھلاڑی مزید کھیل سکتا ہے یا نہیں، جبکہ متبادل کھلاڑی کو بلے بازی اور گیند بازی دونوں کی اجازت ہو گی۔

دوسری جانب آئی سی سی بورڈ نے اپنے متفقہ فیصلے میں کہا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے آئین کی سنگین خلاف ورزی کی اور بورڈ کے شفاف و آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے اس کی رکنیت معطل کر دی گئی۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ کو جمہوری انداز میں کرکٹ کے معاملات چلانے میں ناکامی پر معطل کیا گیا اور آئی سی سی کی جانب سے ملنے والی فنڈنگ بھی روک دی گئی ہے۔

عالمی کرکٹ کونسل کے اس فیصلے سے اکتوبر میں ورلڈ ٹی20 کوالیفائر میں بھی زمبابوے کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

آئی سی سی چیئرمین نے کہا کہ کرکٹ کو سیاسی مداخلت سے پاک ہونا چاہیے۔ رکنیت معطل ہونے کے بعد زمبابوے کی ٹیم  کسی آئی سی سی ایونٹ میں شرکت نہیں کرپائے گی۔

 


متعلقہ خبریں