بھارت: آنجہانی اندرا گاندھی کی پوتی پرینکا گاندھی زیر حراست

بھارت: آنجہانی اندرا گاندھی کی پوتی پرینکا گاندھی زیر حراست

نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش کی پولیس نے کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور آنجہانی بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کی پوتی پرینکا گاندھی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ یرینکا گاندھی کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کے بھائی اوررکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سون بھدر میں زمین کے تنازعے پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 17 جولائی کو دس افراد ہلاک ہوگئے تھے تو متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی کے لیے پرینکا گاندھی جارہی تھیں کہ اترپردیش پولیس نے جانے سے روک دیا جس پر انہوں نے احتجاجاً اپنے حامیوں کے ہمراہ وہیں دھرنا دے دیا۔

بھارت: بہار میں ’ہجومی تشدد‘ نے تین افراد کی جانیں لے لیں

پولیس نے اس پر دھرنا دیے ہوئے پرینکا گاندھی کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کردیا جب کہ بھارت کے اردو ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس کی جنرل سیکریٹری کو چنار لے جایا گیا ہے۔

حکومت کے اس اقدام پر راہل گاندھی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر اس حوالے سے ایک پیغام شیئر کیا ہے جس میں کہا ہے کہ اتر پردیش کے سون بھدر میں پرینکا گاندھی کی غیر قانونی گرفتاری پریشان کن ہے۔ انہوں ںے کہا کہ دس قبائلی کسانوں کو اس لیے قتل کیا گیا کہ وہ اپنی زمین چھوڑنا نہیں چاہتے تھے وہ ناقابل بیان ہے۔

اندرا گاندھی کے پوتے راہل گاندھی نے اپنی بہن کو حراست میں لیے جانے پر کہا ہے کہ متاثرین کے کنبے سے ملنے کے لیے جانے والی پرینکا گاندھی کو حکومتی طاقت کے ذریعے روکنا دراصل موجودہ حکومت کے عدم تحفظ کا مظہر ہے۔

بھارت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق پرینکا گاندھی اس سے قبل زخمیوں کو دیکھنے وارانسی پہنچی تھیں جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اوران سے خیریت دریافت کی۔

اترپردیش کے علاقے سون بھدر کے مورتیا گاؤں میں زمین کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ نے دس افراد کی جان لے لی تھی جب کہ 25 زخمی ہوئے تھے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

بھارت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق پرینکا گاندھی نے پولیس حراست میں روانگی سے قبل کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ پولیس کہاں لے جارہی ہے؟ لیکن وہ جارہی ہیں اور خاموش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوگی حکومت کچھ بھی کرلے ہمارا سر نہیں جھکے گا۔


متعلقہ خبریں