جو مرضی کرلیں حساب لے کر رہوں گا، وزیراعظم



میانوالی: وزیراعظم عمران خان نے کہا یہ لوگ جو مرضی کر لیں ہم ان سے حساب لیں گے اور ناجائز طریقوں سے بنائی گئی جائیدادیں ضبط کر کے پاکستان کے احساس پروگرام میں پیسہ جمع کرائیں گے۔

نئی ٹرین کی افتتاحی تقریب میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پاکستان میں احتساب کا عمل جاری رہے گا کیوں کہ کرپشن اس ملک کی بہت بڑی رکاوٹ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے گزشتہ 5سال میں ساڑھے 4سو وزیروں کو جیلوں میں ڈالا اور یہاں کوئی ایک پکڑا جائے تو دوسرا گھبرا کر شور مچانا شروع کردیتا ہے۔

اپوزیشن پر جو کیسز ہیں وہ پرانے ہیں ہماری حکومت نے صرف اداروں کو آزاد کیا ہے اور وہ اپنا کام کر رہے ہیں لیکن شو رمچ رہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے، انتقامی کارروائی ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 60سال میں ملک کا ٹوٹل قرضہ 10ہزار اب اور گزشتہ 10سال میں 30ہزار ارب پر پہنچ گیا، میٹرو ہر سال12 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان کا باعث ہے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ جن کے اوپر کیسز ہیں وہ باہر کے ملکوں سے بھی سفارشیں بھیجوا رہے ہیں لیکن میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ احتساب جاری رہے گا کیوں کہ جب تک ان سب کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرے اوپر32 ایف آئی آر درج کرائی گئیں، میرے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی مگر میں لندن نہیں بھاگا، میں باہر سے حلال کی کمائی پاکستان لایا پھر بھی منی ٹریل دی۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کا دیوالیہ نکالا ان کو حساب دینا ہوگا کیوں کہ بد عنوان لوگوں کی منی لانڈرنگ سے پیسے کی قیمت کم ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں