پی سی بی نے ڈومیسٹک اسٹرکچر کیلئے تجاویز وفاقی حکومت کو بھجوا دیں


پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) بھی تبدیلی کی راہ پر چل نکلا ہے، کرکٹ کے مقامی ڈھانچے (ڈومیسٹک اسٹرکچر) بدلنے کے لئے تجاویز وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئیں۔

وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ متحرک ہو گیا ہے اور بورڈ نے مقامی ڈھانچے ( ڈومیسٹک اسٹرکچر) میں تبدیلیوں کے لئے پلان مرتب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے ڈھانچے ( اسٹرکچر) سے متعلق تجاویز بورڈ کے آئین میں شامل کرنے کے لئے وفاق کو بھجوا دی گئی ہیں جن کی منظوری کے بعد قائد اعظم ٹرافی، قومی ون ڈے، ٹی ٹونٹی اور انڈر نائنٹین ٹورنامنٹس میں چھ صوبائی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

صوبائی ایسوسی ایشنز کی چیمپئن ٹیمیں نیشنل انٹر سٹی کرکٹ چیمپئن شپ میں شریک ہوں گی، ہر صوبائی ایسوسی ایشن انٹر سٹی چیمپئن شپ کروانے کی پابند ہو گی جبکہ سٹی کلب کرکٹ چیمپئن شپ کروانا ہر سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہو گی۔

صوبائی کرکٹ ایسوسی ایشن سٹی کلب چیمپئن شپ کو مانیٹر کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے سال صوبائی ایسوسی ایشنز پر ایک ارب دس کروڑ روپے خرچ کرے گا۔

یاد رہے 9مئی کو ترجمان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ  اسٹرکچر کو تبدیل نہیں کیا جا رہا اور ریجنل کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح پیٹرینز ٹرافی گریڈ 2 میں ٹیموں کی تعداد 16 کردی گئی ہے۔

پی سی بی نے شکیل شیخ کو کرکٹ بورڈ کے گراؤنڈز کی پچز پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مدثرنذر اور ہارون رشید کو معاون مقرر کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ تبدیل نہیں کیا جا رہا، غیر ملکی لیگ کرکٹ کے لیے پی سی بی کی پالیسی کا اعلان


متعلقہ خبریں