پی سی بی کا وفد آئندہ جمعہ کو بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کریگا


پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کا اعلی سطح کا وفد  آئندہ جمعہ کو نواب اکبر خان بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کرے گا،وفد میں وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری، اکبر درانی، شاہ دوست اور پی سی بی ورکنگ گروپ کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

پی سی بی حکام کے مطابق ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد پی سی بی ورکنگ گروپ میں شامل ہیں،چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان اور ڈائریکٹر انفراسٹرکچر اینڈ رئیل اسٹیٹ خیام قیصر بھی ورکنگ گروپ کا حصہ ہیں۔ وفد اسٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سہولیات کے مواقع پیدا کرنے کا جائزہ لے گا۔

حکام کے مطابق نواب اکبر خان بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم سے حاصل ہونے والی آمدن کو ریجنل کرکٹ کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ مرمتی کام نیسپاک کے تعاون سے سیزن 2019 تا 2020ء تک مکمل کرنا ہمارا ہدف ہے۔

پی سی بی ایونٹس ٹیم جلد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ بھی کرے گی،ٹیم نے 18 جولائی بروز جمعرات کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) سبحان احمد نے کہا ہے کہ ہمارا  نظریہ ہےکہ بلوچستان کی عوام کو کرکٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہیں۔بلوچستان کی عوام کے لیے روزگار، آمدن اور تفریح کے مزید مواقع پیدا کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل  ہے۔

سبحان احمد نے کہا کہ یقین ہے کہ ہماری اس حکمت عملی سے مقامی فیمیلز کو بگٹی اسٹیڈیم لانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیے: پی سی بی نے ڈومیسٹک اسٹرکچر کیلئے تجاویز وفاقی حکومت کو بھجوا دیں


متعلقہ خبریں