حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کا مرحلہ مکمل


اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تنظیم نو کا اہم مرحلہ مکمل کرلیا گیا ہے اور پارٹی چیئرمین و وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں تنظیمی ذمہ داران کی تقرریوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔

چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے تقرریوں کے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق اعجاز احمد چوہدری بطور صدر صوبہ پنجاب کی قیادت کریں گے جبکہ شعیب صدیقی کو صوبہ پنجاب کے جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔

جنوبی پنجاب کی ذمہ داری نور خان بھابھہ کے سپرد کی گئی ہے جبکہ علی رضا دریشک جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔

فرید رحمان پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر مقرر کیے گئے ہیں جبکہ الیاس مہربان اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری مقررہوچکے ہیں۔

حلیم عادل شیخ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر مقررکیے گئے ہیں جبکہ محفوظ عرسانی صوبائی جنرل سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔ جمال صدیقی کو صوبائی سیکرٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ صداقت جتوئی سینئیر نائب صدر جبکہ پپو خان چاچڑ اور آغا تیمور نائب صدور مقررہوگئے۔

اسی طرح فضل خان پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جبکہ علی اصغر خان صوبائی جنرل سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔  نجی اللہ خٹک کو صوبائی سیکرٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ شہباز گل شنواری تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سینئر نائب صدر مقرر کیے گئے ہیں ۔

نواز محمود اور ڈاکٹر بشیر خان خیبر پختونخوا کے نائب صدور مقررہوئے ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود آزاد جموں و کشمیر کی صدارت کے فرائض سرانجام دیں گےاورآزاد جموں و کشمیر کے جنرل سیکرٹری کے فرائض راجہ مصدق خان کے سپرد کیے گئے ہیں۔

بلوچستان کی صدارت کی ذمہ داریاں ڈاکٹر منیر بلوچ کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ باری بڑیچ بلوچستان میں بطور سیکرٹری جنرل فرائض سرانجام دیں گے۔

سید جعفر شاہ بطور صدر گلگت بلتستان فرائض سرانجام دیں گے اورفتح اللہ خان گلگت بلتستان کیلئے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری مقرر کیے گئے ہیں۔

پنجاب، جنوبی پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی ایگزیکٹو کمیٹیوں کی گوررننگ باڈیز کے دیگر اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیاہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین کی تنظیم نو


متعلقہ خبریں