ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے معذور شخص کو تشدد کا نشانہ بناڈالا

فوٹو: فائل


لاہور: شہر میں شہریوں کی حفاظت پر مامور ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی طرف سے  شہری پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آیاہے ، اس مرتبہ اچھرہ میں ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے معذور شخص کو تشدد کا نشانہ بنایاہے۔

تفصیلات کے مطابق اچھرہ کے رہائشی معذور شخص محمد فیاض کا بیوی سے جھگڑا ہوا  تو اس کی بیوی نے 15 پر کال کردی۔ محمد فیاض کے مطابق ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے گھر پہنچتے ہی محمد فیاض پر پرتشددکرنا شروع کردیا۔

متاثرہ شہری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایاکہ ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے اسے لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ محمد فیاض نے بتایا کہ وہ معذور ہیں اور انہیں آنکھوں سے دکھائی بھی نہیں دیتا۔

متاثرہ شہری محمد فیاض نے اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ ڈولفن اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اربوں روپے خرچ کرکے سے شہریوں کی حفاظت کے لیے تیار کی جانے والی ڈولفن فورس کی ناقص کارکردگی نے شہریوں اور سماجی حلقوں میں نہایت تند و تیز سوالات نے جنم لے لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شہر کے سماجی حلقوں میں یہ سوال نہایت شدت کے ساتھ دریافت کیا جارہا ہے کہ کیا ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو کرائے گئے ریفریشر کورسز اورانہیں دی جانے والی عالمی معیار کی جدید ترین تربیت اکارت چلی گئی ہے؟

فورس کی کارکردگی پر شہریوں کی برہمی اس لیے بھی بجا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مبینہ طور پر تین نہتے شہری ڈولفن فورس کی اندھی گولیوں کا نشانہ بن کر اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: لاہور: ڈولفن پولیس اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے خاتون زخمی


متعلقہ خبریں