قبائلی اضلاع میں  صوبائی اسمبلی کی 16نشستوں پر انتخابات کل ہوں گے


قبائلی اضلاع میں  صوبائی اسمبلی کی 16نشستوں پر انتخابات کل ہوں گے ، الیکشن کمیشن نے انتخابی مواد پولنگ اسٹیشنز تک پہنچا دیاہے۔  پانچ سو چون پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی )الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کے نتائج واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔

اسلام آباد میں ڈی جی الیکشنز ندیم قاسم نےاے ڈی جی الیکشنز شریف اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کی صوبائی نشستوں پر پہلی بار انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ قبائلی اضلاع کے انتخابات کے لیے 8 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور 16 ریٹرننگ افسران تعینات ہوں گے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا تھا قبائلی اضلاع میں میڈیا اور سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے، انتخابی نتائج وٹس ایپ کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

ڈی جی الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے بتایا کہ انتخابات کی مانیٹرننگ کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، خیبرپختونخواہ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں انتخابات کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد کر دی  ہےجس کا نوٹیفیکیشن  بھی جاری  کیا جاچکاہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قبائلی اضلاع کی سولہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخاب پاک فوج کی نگرانی میں ہوگا۔قبائلی اضلاع کے حلقوں کے تمام پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہونگے۔

پاک فوج کے جوان پرنٹنگ پریس پر 5 جولائی سے جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر 18 سے 21 جولائی تک تعینات رہیں گے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے لیکرترسیل کا عمل بھی پاک فوج کی زیر نگرانی ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے: قبائلی اضلاع میں انتخابات کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد


متعلقہ خبریں