امریکی صدر کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں، شاہ محمود

اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی فیصلوں میں حصہ دار بنائیں گے، وزیر خارجہ

فائل فوٹو


واشنگٹن: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی  نے کہاہے کہ  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں۔

شاہ محمود قریشی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم کا استقبال کریں گے۔امریکی صدر اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کی 2 نشستیں ہوگی، پہلی نشست اوول آفس اور دوسری کیبنٹ روم میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، کمیونٹی ایونٹ کے بعد پاکستان بزنس سمٹ کے نام سے ایک نشست ہوگی جس میں امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر کاروبار سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ کے مطابق دورہ امریکہ میں عسکری قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگی، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کا ایک بزنس کونسل بھی وزیراعظم سے ملاقات کرے گا۔ وزیراعظم پاکستان بزنس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ورلڈ بینک کے وفد سے بھی مذاکرات ہوں گے، سرکاری مصروفیات کے بعد وزیراعظم کیپٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے، ہم ملک میں سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ صرف چین تک محدود نہیں ہے، سی پیک کے ساتھ اکنامک زونز بھی بنارہے ہیں جس میں دیگر ممالک بھی شامل ہوسکتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا ایک سوال کے جواب میں  کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں نشیب و فراز رہے ہیں تاہم اب افغانستان کےساتھ تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کا اعتراف دنیا بھر میں کیا گیا، اعتماد اور تعاون کا ماحول دونوں اطراف بڑھا ہے جسے مزید آگے لے جانا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں افغانستان میں امن ہو کیوں کہ خطے کو امن کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہوا ہے، جنوبی ایشیا ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے، جنوبی ایشیا کی ترقی کیلیے استحکام درکار ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جولائی تک امریکہ  کا تین روزہ دورہ کررہے ہیں جس میں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات  22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے: شاہ محمود قریشی دورہ امریکہ پر روانہ 


متعلقہ خبریں