ایران کو برطانوی آئل ٹینکر نہ چھوڑنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں

ایران کو برطانوی آئل ٹینکر نہ چھوڑنے پر سنگین تنائج کی دھمکیاں

لندن: برطانیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے خلیج فارس میں روکے جانے والے برطانوی آئل ٹینکر کو نہ چھوڑا تو اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے ایرانی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے کہا ہے کہ بندرگاہوں اور میری ٹائم آرگنائزیشن آف ایران کا اس ضمن میں مؤقف ہے کہ ہمیں اطلاعات ملی تھیں کہ ایک برطانوی ٹینکر مسائل پیدا کررہا ہے جس کی وجہ سے فوج سے کہا کہ اس کو بندرگاہ بندر عباس لے جا کر تفتیش کرے۔

بحری جہاز پکڑنے کی کوشش ہوئی؟ برطانیہ کا اصرار، ایران کا انکار

خبررساں ایجنسی نے ایرانی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ برطانیہ کے آئل ٹینکر کو روکے کی تین وجوہات ہیں۔ اول، اس نے اپنا جی پی ایس سسٹم بند کر دیا تھا۔ دوئم، آبنائے ہرمز میں درست راستے سے داخل ہونے کے بجائے باہر جانے والے راستے سے داخل ہوا تھا۔ سوئم، اس نے تمام تر تنبیہی پیغامات کو یکسر نظر اندازکردیا تھا۔

برطانیہ کے ’دی اسٹینا امپیرو‘ نامی آئل ٹینکر کے مالکان کا مؤقف عالمی خبررساں ادارے میں یہ آیا ہے کہ آئل ٹینکر پر عملے کے 23 افراد سوار ہیں اور ان کا جہاز کے عملے سے رابطہ نہیں ہو پارہا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیرخارجہ جیریمی ہنٹ نے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے  دعویٰ کیا کہ آئل ٹینکر کو چار کشتیوں اور ایک ہیلی کاپٹر نے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

امریکی بحریہ نے ایرانی سمجھ کر اپنا ہی ڈرون تو تباہ نہیں کردیا؟

بی بی سی کے مطابق ایک اور برطانوی ملکیت والے آئل ٹینکر جس پر لائیبیریا کا جھنڈا تھا، پر بھی مسلح افراد چڑھے تھے لیکن پھر اسے اس کے راستے پر آگے جانے دیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اس صورتحال پربرطانوی حکومت کی اعلیٰ ترین ایمرجنسی کمیٹی ’کوبرا‘ کے گزشتہ روز ایک دن میں دو اجلاس منعقد ہوئے ہیں جو غیرمعمولی حالات کے عکاس ہیں۔

ایران کی جانب سے یہ قدم ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے کہ جب امریکہ اور دیگر مغربی ممالک سے اس کی کشیدگی میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی بحریہ نے دھمکی دے کر دھونس جمانے والے ایرانی ڈرون کو مار گرایا ہے۔

بحریہ نےدھونس جمانے والا ایرانی ڈرون مار گرایا ہے، ٹرمپ کا دعویٰ

ایران کے نائب وزیرخارجہ نے ایرانی ڈرون کو مار گرائے جانے کی گزشتہ روز تردید کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کہیں امریکی بحریہ نے اپنا ہی ڈرون نہ مار گرایا ہو۔

ایران نے کچھ دن قبل فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزام پرامریکہ کا بنا پائلٹ ڈرون مار گرایا تھا جس پرامریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اس نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

دو دن قبل ایران نے یہ بھی کہا تھا کہ اس نے ایک غیر ملکی آئل ٹینکر کو خلیج میں ایندھن اسمگل کرنے کے الزام پر پکڑا ہے جس میں عملے کے 12 افراد بھی سوار ہیں۔


متعلقہ خبریں