قبائلی اضلاع میں انتخابات : 5 آزاد اور 5 پی ٹی آئی امیدوار کامیاب


پشاور: قبائلی علاقہ جات میں پہلی بار ہونے والے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں اب تک کے نتائج کے مطابق 5 نشستوں پر آزاد امیدوار اور 5 پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

فارم 47 کے مطابق جیتنے والے آزاد امیدواروں میں پی کے 104 سے عباس الرحمن نے 11 ہزار 751 ووٹ حاصل کیے، پی کے 105 خیبر سے شفیق آفریدی نے 19 ہزار 733 ووٹ جبکہ پی کے 106 خیبر ٹو سے بلاول آفریدی 12 ہزار 814 ووٹ حاصل کیے۔

اسی طرح پی کے 107 خیبر تھری سے آزاد امیدوار محمد شفیق 9 ہزار 796 ووٹ لے کر اور پی کے 110 اورکزئی سے آزاد امیدوار سید غازی غزن جمال 18 ہزار 448 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے جیتنے والے امیدواروں میں پی کے 100 باجوڑ سے انور زیب خان 12 ہزار 951 ووٹ حاصل کر کے فتحیاب ہوئے جبکہ پی کے 101 باجوڑ سے  اجمل خان 12 ہزار 194 ووٹ لے کر اور پی کے 111 نارتھ وزیرستان سے محمد اقبال خان 10 ہزار 200 ووٹ لے کرکامیاب ہوئے۔

اسی طرح پی کے 114 جنوبی وزیرستان سے پی ٹی آئی کے نصیراللہ وزیر 11114 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام نے 2 نشستوں پر فتح حاصل کی، پی کے 108 کرم سے ان کے محمد ریاض 11948 اور پی کے 113 جنوبی وزیرستان سے مولانا عصام الدین 10356 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

پی کے 102 سے جماعت اسلامی کے سراج الدین 19088 جبکہ پی کے 103 مہمند سے اے این پی کے نثار احمد 11247 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

اب تک کے موصول شدہ نتائج کے مطابق اوسط ٹرن آوٹ 28.1 فیصد رہا، سب سے زیادہ ٹرن آوٹ پی کے 109 کرم ایجنسی میں 40.1 فیصد اور سب سے پی کے 107 خیبیر ایجنسی میں 17.5 فیصد رہا۔

ہم نیوز کے مطابق سخت سیکبورٹی انتظامات میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے سے جاری رہا، پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات رہی۔

صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے، نتائج واٹس ایپ پر فراہم کیے جائیں گے۔

عام نشستوں پر 282 امیدوار میدان میں تھے جبکہ خواتین کی 22، اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں تھیں۔

16 حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 554 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے۔

تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے جبکہ انتخابات کیلئے  28 لاکھ 91 ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹ کرائے گئے۔

گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی )الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کے نتائج واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے جائیں گے۔

انہوں نےکہا کہ قبائلی اضلاع کی صوبائی نشستوں پر پہلی بار انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ قبائلی اضلاع کے انتخابات کے لیے 8 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور 16 ریٹرننگ افسران تعینات تھے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا تھا قبائلی اضلاع میں میڈیا اور سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایات کی گئی۔

ڈی جی الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے بتایا کہ انتخابات کی مانیٹرننگ کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی تھیں، خیبرپختونخوا حکومت کا تعاون بھی الیکشن کمیشن کو حاصل رہا۔


متعلقہ خبریں