رمضان شوگر ملز کیس، حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر عدالت کا اظہار برہمی

رمضان شوگر مل کیس کی سماعت آج ہو گی

فائل: فوٹو


لاہور:احتساب عدالت میں آج رمضان شوگر مل کیس کی سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف پیش ہوئے جبکہ قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

حمزہ شہباز کے بارے میں عدالت کے استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وہ رمضان شوگر ملز کیس میں جوڈیشل جبکہ آمدن سے زائد اثاثے کیس میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں، تفتیشی کو عدالت کا حکم نہیں ملا کہ حمزہ کو پیش کیا جائے ۔

اس موقع پر حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا واضح حکم دیا تھا، انہیں پیش نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

قائد حزب اختلاف شہباز شرہف نےعدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز اس وقت نیب کی حراست میں ہیں، ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ انہیں عدالت میں پیش کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز میں گرفتار کیا گیا تھا، اب میں ضمانت پر رہا ہوں، میں قانون کا احترام کرتا ہوں مگر کمر درد کی وجہ سے پیش نہیں ہو پاتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈیلی میل میں میرے خلاف  اسٹوری چھپوائی گئی کہ ہم نے زلزلہ زدگان کے پیسے کھا لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف میری بدنامی نہیں بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام خراب ہوا ہے، اگر میرے خلاف کوئی ثبوت ہوتا تو عدالت آتے، ڈیلی میل میں خبر چھپوانے کی کیا ضرورت تھی۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نوید اکرام کے خاندان کی جن خواتین کے نام پر جائیدادیں ہیں وہ بھی گرفتار ہوئیں، مجھے اس بات پر تکلیف ہوئی۔

بعد ازاں عدالت نے نیب کو اگلی پیشی میں حمزہ شہباز کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی۔

 


متعلقہ خبریں