برٹش کونسل 400 اساتذہ کو تربیت دے گا


پشاور: صوبائی وزارت تعلیم اور برٹش کونسل نے ’فرینڈلی اسکول‘ کے نام سے ایک معاہدہ پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت 200 پرائمری اسکولوں کے 400 اساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔

معاہدے کی رو سے خیبرپختونخوا کے 10 اضلاع کے اساتذہ کے لیے تربیت کا انعقاد کیا جائے گا۔

پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں برٹش کونسل صوبائی دارالحکومت پشاور، چارسدہ، بٹگرام، چترال، مانسہرہ، نوشہرہ، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور ہری پور کے اساتذہ کو تربیت دے گا۔

اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں تربیت کے اس سلسلے کو دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔

وزارت تعلیم کے ایک افسر، جو معاہدے پر دستخط کے موقع پر موجود تھے کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو سکھایا جائے گا کہ وہ کیسے بچوں کی اسکول میں دلچسپی برقرار رکھ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیم و تدریس کے نئے طریق کار  کے مطابق اساتذہ کے رویے میں بہتری لائی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تربیت کا حتمی مقصد بچوں میں اسکول چھوڑنے کے تناسب کو کم کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا کے پسماندہ اضلاع کے اساتذہ کی تربیت کی جائے گی تاکہ وہ تدریس کے نئے طریقہ کار سے مطابقت حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو تربیت کے دوران دنیا میں رائج جدید ترین تعلیمی نظام سے روشناس کرایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں