پنجاب :پولیس،سرکاری ملازمین،کسانوں اور چولستانیوں کیلئے خوشخبری


لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی کابینہ نے پولیس کے 2005 سے منجمد فکس ڈیلی الاؤنس کو 2013 کی شرح سے بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس اورٹریفک وارڈنز کو بھی فکس ڈیلی الاؤنس 2013ء کی شرح سے ملے گا۔

پنجاب کایبنہ نے  کیڈرپوسٹ پر تعینات سول افسران کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری کے علاوہ سول افسران کوان کی بنیادی تنخواہ کے1.5گناکے تناسب سے ایگزیکٹو الاؤنس دینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر پنجاب کابینہ نے سول سیکرٹریٹ کے گریڈ ایک تا 16 کے ملازمین کیلئے بنیادی تنخواہ پر 1.5گنا خصوصی الاؤنس کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کی منظوری  بھی دی گئی ۔ کابینہ کی طرف سے فیصلہ کیا گیاہے کہ زمین شفاف طریقے سے الاٹ کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے سکروٹنی کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

تحصیل صادق آباد کے علاقے چولستان میں پی پی ایل کو تیل کی تلاش کے لئے اراضی دینے کی منظوری کے علاوہ حالیہ بارشوں،طوفان اورژالہ باری کے باعث کاشتکاروں  کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے امدادی پیکیج کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

پنجاب کابینہ کی طرف سے 27 اضلاع کے 55 متاثرہ دیہات کو آفت زدہ قرار دے دیا گیاہے رواں مالی سال کے لیے ان اظلاع کے کاشتکاروں اور زمینداروں کوآبیانہ اور مالیہ معاف ہوگا۔

دریائے جہلم میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کی پہلی سیاحتی پالیسی کی اصولی منظوری دیتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہاکہ سیاحوں کی دلچسپی کے حصول کیلئے خصوصی مراعات کا پیکیج تیار کیا جائے گا۔ سیاحت کے فروغ سے پنجاب اور پاکستان کا سافٹ امیج ابھرے گا۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ سیاحت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے نجی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔

پنجاب کابینہ نے میٹرک اورایف اے،ایف ایس سی کے امتحانات کے لئے گریڈنگ سسٹم مرحلہ وار متعارف کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلا مرحلہ نافذ کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ امتحانات کیلئے گریڈنگ سسٹم یکساں نظام تعلیم کی جانب اہم قدم ہے، رٹہ سسٹم کا خاتمہ ہوگا۔ایسا نظام تعلیم دیں گے کہ ہمارے بچے انٹرنیشنل لیول پر مقابلہ کرسکیں۔گریڈنگ سسٹم کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی کی تشکیل بھی کا فیصلہ بھی کیا گیاہے۔

صوبائی کابینہ نے سرکاری اراضی ڈسپوزل پالیسی میں ترامیم کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ آئندہ سے سرکاری اراضی اوپن آکشن کے تحت لیزپر دینے کی منظوری  بھی دی۔

پنجاب حکومت کی طرف سے بے زمین کاشتکاروں کو لیز پر دی جانے والی اراضی کے مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جن کاشتکاروں نے 80فیصد اراضی کو آباد کیا ہے انہیں مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے۔

کابینہ نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سیالکوٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کی نامزدگی کی منظوری بھی دے دی ہے۔

مالی سال2016-17اور2018-19کے پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کی آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے مرتب کی جانیوالی آڈٹ رپورٹس کی منظوری بھی کابینہ کی طرف سے دے دی گئی ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد آڈٹ رپورٹس پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس ضمن میں قائم کی جانے والی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری کے علاوہ  صوبائی کابینہ کے 13ویں اور14ویں اجلاسوں کے منٹس کی توثیق  بھی کی گئی۔

کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 10ویں اور11ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزراء،مشیران،معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری اوراعلی حکام  نے شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیے:پنجاب کابینہ کا سابقہ حکومت کے پراجیکٹ جاری رکھنے کا فیصلہ


متعلقہ خبریں