فلم سپر اسٹار کے ستاروں کی مزےدار گفتگو سنیں ایف ایم ریڈیو  پر


 مومنہ اینڈ دُرید پروڈکشنز اور ہم بینرز کی نئی آنے والی فلم ’سپراسٹار ‘ کے ستارے آج شام چھ بجے ایف ایم ریڈیو 89.4 پر آئیں گے اور فلم کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔

ہم نیٹ ورک، مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز اور ہم فلمز کی مشترکہ پیشکش  فلم سپر اسٹار کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے جبکہ فلم کے ٹریلر اور گانے کی دھوم نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

گزشتہ روزفلم کے مرکزی کردار ماہرہ خان اور بلال اشرف نے سینٹورس مال اسلام آباد میں اپنے مداحوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ  سیلفیاں بھی لیں۔

فلم سپر اسٹار میں تھرل، رومانس اور مرکزی کرداروں کے ٹکراؤ کے خوبصورت امتزاج نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے جس کے ہدایت کار احتشام الدین ہیں۔

مکالمے علی اور مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کئے ہیں۔ فلم کا اسکرین پلے اور میوزک آذان سمیع خان نے تخلیق کیا ہے۔

سپر اسٹار میں اداکارہ ہانیہ عامر، سائرہ شہروز، عثمان خالد بٹ اور مانی کی اسپیشل اپیئرنس بھی شامل ہے جبکہ اداکارہ کبریٰ خان کا ایک اسپیشل ڈانس نمبر بھی فلم کا حصہ ہے۔

ندیم بیگ، جاوید شیخ، مرینہ خان، اسما عباس، سیف حسن، علیزے شاہ، علی کاظمی اور وقارجیسے نامور فنکار بھی اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔


متعلقہ خبریں