فیصل آباد میں کل ہر صورت ریلی نکالیں گے، مریم نواز



لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ وہ کل ضرور فیصل آباد جائیں گی اور پابندی کے باوجود ریلی نکالی جائے گی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ماڈل ٹاون لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کل میری پہلی ریلی ہے لیکن انتظامیہ نے خوف کی وجہ سے اجازت نہیں دی جبکہ گزشتہ روز پورا اسلام آباد بند کر دیا گیا تھا ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت حملہ کرنے لگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جتنی بھی گرفتاریاں کر لے وہ ن لیگ کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی اور ہر رہنما پکڑے جانے کے بعد دوسرا رہنما جدوجہد کرتا رہے گا۔ میں کل فیصل آباد کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کرنے ضرور جاؤں گی۔

انہوں نے کہا کہ جو کام بھی غلط طریقے یا سازش کے ذریعے ہوا ہے اس نے ریورس ہونا ہے چاہے وہ چیئرمین سینیٹ کا معاملہ ہی کیوں نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں مریم نواز کی وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ویڈیو کو جھوٹا کہنے والوں نے خود ہی کہہ دیا کہ جج کی ویڈیو سچی ہے اور اگر ویڈیو سچی ہے تو نواز شریف کی بے گناہی بھی سچی ہے، یہ واحد کیس ہے جس میں 3 دفعہ کا وزیر اعظم بے گناہ ہونے کے باوجود پابند سلاسل ہے۔

مریم نواز نے عدلیہ سے اپیل کی کہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کیس کو نوٹس لے۔


متعلقہ خبریں