قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر چیف الیکشن کمشنر کا اظہار تشکر


اسلام آباد: قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان  نے اظہار تشکر کیاہے۔ 

چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ انتخابات کے پر امن انعقاد اور قبائلی عوام کی شرکت پر شکریہ اور مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پرامن انتخابات کا انعقاد کروا کر پوری دنیا میں ثابت کر دیا ہےکہ قبائلی عوام جمہوری سوچ کی حامل پرامن قوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد پر انتخابی عملہ ،سیکیورٹی عملہ اور دیگر اداروں کا بھی  شکریہ ادا کرتے ہیں۔

آج خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16نشستوں پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں  کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تھا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے بھی آج  کنٹرول روم کا دورہ کیا ۔ انہوں نے پولنگ کے دوران  کنٹرول روم کے عملہ سے شکایات سے متعلق دریافت کیا تو حکام نے انہیں بریفنگ میں بتایا کہ قبائلی اضلاع میں پولنگ کے دوران  صرف 4 شکایات موصول ہوئیں جن کے ازالے کے متعلقین کو ہدایت کردی گئی۔

وزیرا عظم کے  معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی کی طرف سے بھی اس موقع پر پیغام جاری کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ‏پختونخوا کے قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے تاریخ ساز انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا ہے۔

افتخاردرانی نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے ادارے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور خیبر پختونخوا کی حکومت مبارکباد کے مستحق ہیں۔ قبائلی عوام خصوصی شکریے کے مستحق ہیں جنہوں نے اس جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے: قبائلی اضلاع میں انتخابات ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے


متعلقہ خبریں