آڈیو ویڈیو ٹیپ کی فرانزک رپورٹ جھوٹی ہے، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آڈیو ویڈیو ٹیپ کا کوئی فرانزک نہیں ہوا اس کی جھوٹی رپورٹ چلائی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ امریکہ انتہائی اہم ہے۔ عمران خان سادگی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے کمرشل فلائٹ کے ذریعے امریکہ روانہ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل امریکہ دورے پر 6 لاکھ ڈالر تک خرچ آتا رہا ہے کیونکہ نواسے اور نواسیاں بھی یو این اجلاس میں جاتے رہے۔ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کا مقدمہ لڑنے امریکہ گئے ہیں۔ جہاں اب کوئی پرچی نکال کر بات نہیں کرے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سیاسی بلوغت سے عاری ٹولہ عوام میں بے سروپا باتیں پھیلا رہا ہے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جھوٹ بولنا اور دھوکہ دینا مریم نواز کا وطیرہ ہے انہوں نے ہی کہا تھا کہ میری ملک اور بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک جو کہا جارہا ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے کیونکہ یہ اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ وہ سچ لگنے لگتا ہے۔ پاناما کے معاملے پر بھی مریم نواز جھوٹ بولتی رہیں۔ ن لیگ چاہتی ہے عدالتیں ان کے تابع ہوجائیں۔

یہ بھی پڑھیں جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو میں کوئی جعل سازی ثابت نہیں ہوئی

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی بلوغت سے عاری ٹولہ عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے، ایک آڈیو ویڈیو ٹیپ کے حوالے سے فرانزک لیب کی رپورٹ چلائی گئی جبکہ پنجاب فرانزک لیب کے ڈی جی سے بات ہوئی ہے وہاں کوئی ویڈیو نہیں بھیجی گئی اور نہ ہی کوئی رپورٹ بنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو کی فرانزک رپورٹ سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کیونکہ ویڈیو ٹیپ کی تحقیقات کرانے کا ابھی فیصلہ ہوا نہ ویڈیو کو کہیں بھجوایا گیا۔ آج جھوٹوں کی بیٹھک میں عوام کوگمراہ کرنےکی حکمت عملی طےکی گئی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے قبائلی علاقوں میں ہونے والے انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بارود کی بو آتی تھی وہاں ووٹ کی خوشبو سے انتخاب کا عمل مکمل ہوا۔ افواج پاکستان اور تمام سویلین اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں سے وہاں امن قائم ہوا۔


متعلقہ خبریں