پاک فضائیہ کے طیارے ہرکولیس سی 130 کی رائل انٹر نیشنل ائر ٹیٹو شو 2019 میں شرکت


پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے برطانیہ میں منعقد ہونے والے رائل انٹر نیشنل ائر ٹیٹو شو 2019 کے مقابلے میں شریک پاک فضائیہ کے ہرکولیس  سی 130 طیارے کا معائنہ کیا۔

پاک فضائیہ کی طرف سے اس شو میں شامل دیدہ زیب ڈیزائن اور پینٹنگز سے مزین سی 130 گزشتہ روز یہاں پہنچا تھا،ائر فورس کے نمبر 6 اسکواڈرن کا یہ ہرکولیس طیارہ کنکورز ڈی ایلیگینس ٹرافی کے لئے مقابلے میں شرکت کے لیے پہنچا ہے۔

اس ائر شو کے دروازے آج سے عام پبلک کے معائنے کے لئے باقاعدہ طور پر کھول دیئے گئے ہیں۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی ٹیم کو اس میگا ایونٹ میں مادرِوطن کا نام روشن کرنے پر بھر پور داد دی۔

اُنہوں نےاس طیارے کو مشہور و معروف آرٹسٹ گروپ کیپٹن (ریٹائرڈ) حسینی کی پینٹنگز سے مزین کرنے پربھی عملے کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے 6مختلف ممالک سے اس شو میں مدعو اپنے ہم منصب اور مختلف ایوی ایشن انڈسٹریز سے شریک اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں بھی کیں۔

رائل انٹرنیشنل ائر ٹیٹو شو دنیا کا سب سے بڑا ائر شو ہے جو ہر سال برطانیہ میں منعقد کیا جاتا ہے۔

اس شو میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ سے زائد مندوبین اورہوا بازی کے شوقین افراد نے دنیا بھر سے شامل ائر کرافٹس کا زمینی اور فضائی مظاہرہ دیکھا۔

یہ بھی پڑھیے: پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر کی ژوہائی میں شاندار کارکردگی


متعلقہ خبریں