مسلم لیگ ن کا 25جولائی کو مال روڈ لاہور پر جلسہ کرنے کا اعلان



لاہور:پاکستان میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن ڈٹ گئی، پچیس جولائی کو نہ صرف  ملک گیر یوم سیاہ منانے اور مال روڈ لاہور پرجلسہ کرنے کی تیاری کر لی گئی بلکہ  گرفتاریوں کی صورت میں متبادل قیادت بھی سامنے لانے کا فیصلہ ہو گیاہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ ماڈل ٹاون سیکرٹریٹ میں سر جوڑ کر بیٹھی، اجلاس میں پچیس جولائی کو یوم سیاہ منانے سے متعلق لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی قائدین کی گرفتاری پر متبادل قیادت سامنے لانے،حکومتی کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے، مہنگائی اور بیروزگاری پر بھرپور آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی قیادت نے احتساب عدالت کے جج کی مبینہ وڈیو سامنے آنے کے بعد نواز شریف کی رہائی کا مطالبہ بھی  ایک بار پھر کر دیا ہے۔

اجلاس میں تاجر، صنعت کار، کسان اور کاروبرادری سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور ان کے جائز مطالبات اور معاشی بحالی کیلئے تقاضوں کی حمایت کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی اور میر حاصل بزنجو کی بھرپور حمایت کا فیصلہ  بھی کیا، سابق حکمران جماعت کے مطابق وزیراعظم قومی اداروں کو اپنی سیاست میں جھونک کر اُن کی ساکھ مجروح کر رہے ہیں۔

اجلاس میں مریم نواز، راجہ ظفر الحق، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، ایاز صادق، خرم دستگیر، پرویز رشید،، مشاہد اللہ خان، برجیس طاہر، عبدالقادر بلوچ اور دیگر شریک ہوئے۔

پارٹی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں پارٹی کے سینئیر نائب صدر اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان کی گرفتاری کو  حکومت کی انتقامی کاروائی قرار دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جس شخص نے ملک کے لیے  گراں قدر خدمات دیں  اسکی تذلیل کی جارہی ہے۔ سلیکٹڈ پی ایم کو ن لیگ پیغام دے رہی ہے کہ جتنے مرضی لوگوں کو جیلوں میں ڈالو یہ جہاز نہیں اڑنے والا،عمران خان کو صرف گالی گلوچ کرنا آتا ئے حکومت ان کے بس کی بات نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ کہتے تھے لوگوں کو خوشحال کریں گے جو صرف جھوٹ کا پلندہ ہے، پچیس جولائی کو پارٹی بھرپور احتجاج کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ لاہور میں مال روڈ پر بھرپور جلسہ ہوگا،  اسلام آباد اور پشاور میں  مرکزی جلسہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: فیصل آباد میں کل ہر صورت ریلی نکالیں گے، مریم نواز

ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ روزانہ اپوزیشن کی کردار کشی اس لیے کی جاتی ہے کہ حکومت کے پلے کچھ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی نے ایک سال میں سات ہزار ارب سے زائد کا قرضہ قوم پر چڑھا دیا ہے۔ انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہاہم سب کو جیل میں ڈال دو لیکن پاکستانی قوم پر رحم تو کرو۔


متعلقہ خبریں