گلگت ائرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نوٹم


آج صبح  گلگت ائرپورٹ پر پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز ( پی آئی اے) کا طیارہ کچے میں اترنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے  وہاں طیاروں کی لینڈنگ سے متعلق نوٹم جاری کردیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری نوٹم میں کہا گیاہے کہ گلگت ائرپورٹ پرطیارے احتیاط سے لینڈنگ کریں اور ائر لائنز سے کہا گیاہے کہ وہ اپنے جہازوں کے کپتانوں کو بھی اس حوالے سے ہدایات جاری  کریں۔

پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کے کچے میں اترنے کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے طور پر نوٹم جاری کیاگیا ہے۔

اس سے قبل سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈکی ٹیم بھی  جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور طیارے کے کچے میں اترنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس آئی بی کی ٹیم نے پہلے رن وے کا معائنہ کیااس کے بعد اے ٹی آر طیارے کی جانچ شروع کی گئی ۔ واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک پائلٹ اور فرسٹ آفیسر کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

گلگت ائرپورٹ کے منیجر نے اے ٹی آر طیارے کی کپتان مریم اور فرسٹ آفیسر کا طبی معائنہ بھی  کرایا۔ قواعد کے مطابق کپتان کے تمام ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آج گلگت کے ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے پاکستان انٹرنیشنل ائر لائنز (پی آئی اے) کا طیارہ رن وے سے پھسل گیا تاہم پائلٹ نے مہارت سے کام لیتے ہوئے اسے حادثے سے بچا لیا۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق طیارہ گلگت کے ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے پھسل کر کچے میں اتر گیا اور اس کا ایک پر زمین سے جا ٹکرایا۔

ترجمان کے مطابق پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے طیارے کو قابو میں کیا اور مسافروں کو کس قسم کے نقصان سے محفوظ رکھا۔

پرواز پی کے 605 اسلام آباد سے گلگت جا رہی تھی، اس میں 45 سے زائد مسافر سوار تھے جنہیں بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا


متعلقہ خبریں