سعودی عرب سے ادھار تیل لیکر پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا


پاکستان کو سعودی عرب سے ادھار تیل کی فراہمی شروع ہوگئی  ہے اور پہلا جہاز تیل لیکر  کراچی کی  بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیاہے۔

پاکستان کو سعودی عرب سے تیل کی ترسیل کا آغاز لائٹ کروڈ آئل سے لدے اس بحری جہاز سے ہوا ہے جو آج کراچی کے ساحل پرشام ساڑھے پانچ بجے پہنچا ہے۔

سعودی عرب سے آنے والے بحری جہاز کا پاکستانی حکام نے کراچی خیر مقدم کیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ادھار تیل کی سپلائی کے لیے  تین سال کا معاہدہ ہے۔ پاکستان کو تیل کی سپلائی کی ادائیگی میں فوری ادائیگی نہ کرنے کا ریلیف ملیگا۔

سعودی عرب  پاکستان کو ماہانہ 27کروڑ 50لاکھ ڈالر کا تیل فراہم کریگا۔ 9ارب 90کروڑ کاتیل پاکستان کوتین سالوں میں سعودی عرب کی طرف سے ملتا رہے گا۔

واضح رہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ سعودی عرب یکم جولائی سے ادھار پر ہر ماہ ساڑھے 27 کروڑ ڈالر مالیت کا تیل پاکستان کو فراہم کرنا شروع کردے گا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ تین سال کے دوران ہر سال مجموعی طور پر تین ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل پاکستان کو ملے گا۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ سعودی مدد سے پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین نے پیشرفت پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ادھار تیل کی صورت میں پاکستان کی امداد انتہائی خوش آئند خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں برادر ملک نے ایک بار پھر پاکستان کا ساتھ دے کر حقیقی دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس اہم پیش رفت کے نتیجہ میں انشاء اللّه روپے کی قدر میں بتدریج بہتری آئے گی۔

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی گرتی معیشت کو سہارا دینے کی غرض سےاعلان کردہ تین ارب ڈالر کی پہلی قسط میں سے ایک ارب ڈالر کی رقم گزشتہ سال 19 نومبر کو موصول ہو گئی تھی جس کے بعد پاکستان کے مجموعی ذخائر میں اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ 23 اکتوبر کو وزیرِ اعظم عمران خان کے دورے کے موقع پر سعودی عرب کی جانب سے 12 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا وعدہ کیا گیا تھا۔

دونوں ممالک کے مابین اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ تاخیر سے ادائیگی کی بنیاد پر سعودی عرب پاکستان کو سالانہ 3 ارب ڈالر مالیت کا تیل دے گا اور یہ سلسلہ 3 سال تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے:پاکستان کو تیل کی فراہمی رواں ماہ سے شروع ہو گی


متعلقہ خبریں