ڈی آئی خان: دہشت گرد حملوں میں 10 افراد شہید



خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں  دہشت گردی کے دو واقعات میں  10 افراد شہید جبکہ 15 زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح ڈی آئی خان کے علاقے درابن روڈ کوٹلہ سیدان چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے فائرنگ  کی جس سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے، ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے نعشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل جھانگیر کا تعلق اعجاز آباد مریالی جب کہ دوسرے کا انعام کورائی سے تھا۔

دہشت گردی کا دوسرا واقعہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے گیٹ پر پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ایک خاتون خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکے کے باعث 7 افراد شہید جبکہ بچوں سمیت 15 زخمی ہو گئے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کردیا۔

وزیر اعظم عمران خان اور وزیرداخلہ پاکستان اعجاز احمد شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

امریکی دورے پر گئے عمران خان نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قابل فخر ہیں اور قوم کو اپنے شہدا پر ناز ہے۔


متعلقہ خبریں