بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے فوج کی مدد سے جاری ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر



واشنگٹن : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اب سیکیورٹی فورسز کی بنیادی توجہ بلوچستان کی جانب مرکوز ہے جہاں حکومتی ترقیاتی منصوبے فوج کی مدد سے جاری ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جزل آصف غفور نے  واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا سے ملاقات کی اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے فروری کی پاک بھارت کشیدگی سے متعلق بھی آگاہی دی۔

میجر آصف غفور نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی میڈیا کا ملک کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ملکی سرحدوں کا بہادری سے بھر پور دفاع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی داخلی سلامتی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی کوششیں اور قربانیاں رنگ لا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آرہی ہے اور دہشت گردوں کی مشکلات میں اضافہ جبکہ دہشت گردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر تعمیروترقی اور بحالی کا کام جاری ہے۔

میجر جزل آصف غفور نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ صدر ٹرمپ سے ہونے والی وائٹ ہاؤس ملاقات میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف پینٹا گون کا دورہ اور امریکی ملٹری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔


متعلقہ خبریں