محسن عباس کی اہلیہ نے اپنے شوہر پر تشدد کا الزام عائد کر دیا

اداکار محسن عباس اور فاطمہ سہیل کو پولیس نے طلب کرلیا

اسلام آباد: معروف فنکار و اداکار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر تشدد کا الزام عائد کر دیا ہے۔

لوگوں کو محبت کا پیغام دینے والے محسن عباس اکثر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے ڈپریشن اور پریشانی سے متعلق بیانات شیئر کرتے رہتے ہیں تاہم ان کی اہلیہ نے خود پر بیتنے والے مبینہ ظلم کی داستان لوگوں کو سنائی اور کہا کہ ظلم برداشت کرنا بھی ایک گناہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر انہوں نے  اپنی روداد بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال نومبر میں ان کے شوہر کسی اور لڑکی میں دلچسپی لینے لگے تھے تاہم پتہ چلنے پر محسن نے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جبکہ وہ حاملہ بھی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ حالت بری ہونے پر میں نے اپنی ایک دوست کو فون کیا جس نے انہیں اسپتال پہنچایا۔

فاطمہ نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز نے ان کے علاج سے معذرت کر لی اور کہا کہ یہ پولیس کیس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے پولیس میں محسن کے خلاف شکایت درج نہیں کرائی اور الٹراساؤنڈ کے بعد بچہ محفوظ ہونے کی خبر سن کر سکھ کا سانس لیا۔

انہوں نے کہا کہ 20 مئی 2019 کو ایک مشکل آپریشن کے بعد  اللہ نے انہیں بیٹے سے نوازا۔


انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس وقت میں آپریشن تھیڑ میں تھی اس وقت میرا شوہر ایک نئی اداکارہ کے ساتھ رنگ رلیاں منانے میں مصروف تھا۔

فاطمہ نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں میرے خاندان نے بہت ساتھ دیا جبکہ محسن بیٹے کی ولادت کے دو دن بعد محض اس کی تصاویر لینے کی خاطر اسپتال آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن نے اپنے بیٹے کی جانب دیکھنا گوارا نہیں کیا، بس سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لئے بیٹے کی تصاویر جاری کر دی۔

محسن عباس کی اہلیہ نے کہا کہ جب انہوں نے شوہر کو بیٹے کی ذمہ داری اٹھانے کا کہا تو انہیں ایک بار پھر تشدد سہنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب میں مزید ظلم برداشت نہیں کر سکتی، یہ باتیں اس لئے شیئر کر رہی ہوں تاکہ اس طرح کا رویہ برداشت کرنے والی لڑکیاں بھی کھل کر سامنے آئیں۔

فاطمہ نے کہا کہ وہ جسمانی اور ذہنی تشدد سے زچ آ چکی ہیں اور انہوں نے محسن کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار محسن عباس نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے ثبوتوں سمیت جلد پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں