مریم نواز کارکنوں کے ہمراہ فیصل آباد روانہ

شہباز شریف نے مشکلات کے باوجود پیغام دیا کہ قائد نواز شریف ہیں، مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اپنی جماعت کے کارکنوں کے ہمراہ جاتی امرا سے فیصل آباد روانہ ہو گئی ہیں جہاں وہ ایک جلسے سے خطاب کریں گی۔

روانہ ہونے سے قبل مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف اور مریم نواز کی طویل ملاقات ہوئی جس میں ریلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی، ملاقات میں مختلف امور اور قانونی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد جلسے کو روکنے کے لیے پنجاب انتظامیہ اُوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے لیکن اس سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے کارکن نواز شریف کو انصاف دلانے کی آواز اٹھانے کے لیے تیار ہو جائیں۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ تمام چینلز کو آج کی فیصل آباد کی ریلی نہ دکھانے ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں ایسے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہو سکتے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ فیصل آباد کی اننتظامیہ نے ن لیگ کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے اور رات گئے چھاپوں کے دوران پولیس نے 100 سے زیادہ کارکن گرفتار کر لیے ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں