ہواوے کے بعد اوپو نے بھی پاکستان میں پلانٹ لگانے کا ارادہ ظاہر کر دیا


پشاور: چین کی اسمارٹ فونز بنانے والی بڑی کمپنی اوپو موبائلز نے پاکستان میں پلانٹ لگانے کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

اس ضمن میں کمپنی کے سی ای او جارج لونگ نے خیبر پختونخوا حکومت کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے ملاقات کی اور انہیں کے پی کے میں اوپو موبائلز کا پلانٹ لگانے کے حوالے سے اپنے ارادے سے آگاہ کیا۔

او پو موبائلز کے سی ای او کا کہنا تھا کہ موبائل فونز کی پاکستان میں پیداوار سے نہ صرف صارفین کو اچھی نوعیت کے اسمارٹ فون دستیاب ہوں گے جبکہ چار ہزار لوگوں کو روزگار بھی حاصل ہو گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے ملک میں اوپو کی جانب سے سرمایہ کاری کرنے کی سوچ کو سراہا اور انہیں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدام سے ملکی اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی ہو گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ہواوے نے بھی پاکستان میں تقریباً 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی مخدوم خسرو بختیار نے بتایا ہے کہ ہواوے ( Huawei ) پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں تعاون کر سکتی ہےاور یہ کمپنی اسلام اباد میں 55 ملین ڈالرز کی لاگت سے علاقائی ہیڈ کوارٹر قائم کرے گی۔


متعلقہ خبریں