عمران خان نے امریکہ میں جلسے کی نئی تاریخ رقم کردی

’9/11 کے بعد اسلام اور مسلمانوں کو نقصان ہوا‘

فائل فوٹو


واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان نے واشنگنٹن میں تاریخی جلسے سے خطاب کیا جس میں شرکاء کی تعداد 19 ہزار سے زائد بتائی جارہی ہے۔

اس خطاب کا انعقاد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے واشنگٹن کے کیپیٹل ون ایرینا میں کیا تھا۔ ایرینا میں 20,000 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جب کہ منتظمین کا دعویٰ تھا کہ 19,000 پاکستانیوں نے پہلے ہی اپنی شرکت کی رجسٹریشن کرائی ہوئی تھی۔

امریکہ کے نشریاتی ادارے ’وائس آف امریکہ‘ کے مطابق لوگوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ایرینا میں موجود شرکا نہایت پرجوش تھے جب کہ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں اس سے پہلے کسی بھی غیر ملکی سربراہ حکومت نے اس طرح کا اتنا بڑا جلسہ نہیں کیا ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد کرکٹ ٹیم کو ٹھیک کرنے کے فیصلے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

انہوں نے ٹورنامنٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے دلبرداشتہ اہلیان پاکستان کو دلاسہ دیتے ہوئے وعدہ کیا کہ آئندہ ورلڈ کپ میں بہترین ٹیم لے کر آئیں گے اوراسی طرح دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دیں گے۔

عمران خان سے ملاقات کے لیے ٹرمپ کی واشنگٹن آمد

1992 میں ورلڈ کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے دنیائے کرکٹ کے شہرہ آفاق کھلاڑی اور موجودہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے یہ بات واشنگٹن میں پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شرکا میں ان پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی جو کینیڈا میں مقیم ہیں لیکن چیئرمین پی ٹی آئی کے بحیثیت وزیراعظم پہلے دورہ امریکہ میں ان کا خطاب سننے کے لیے آئے تھے۔

 

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے پر امریکہ میں ہیں جہاں وہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرنے کے علاوہ تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی مل چکے ہیں۔ اسی ضمن میں ان کی مزید ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں اشرافیہ کا نظام چلتا رہا ہے اور اشرفیہ ٹیلنٹ کو اوپر نہیں آنے دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اداروں کو آزاد کیا ہے جس کی وجہ سے قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) آزادی سے کام کر رہے ہیں۔

ملکی حزب اختلاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن ہر بات پر کہتی ہے کہ یہ گرفتاریاں عمران خان کے کہنے پر ہورہی ہیں حالانکہ تمام مقدمات پہلے کی حکومتوں کے بنائے ہوئے ہیں۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ملک میں مروج تین اقسام کے تعلیمی نظام ختم کریں گے اور سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر بنائیں گے۔

عالمی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق کیپیٹل ایرینا کے باہرپاکستان تحریک انصاف کے حامیوں اورعمران خان کی آمد پر احتجاج کرنے والوں کے درمیان نعرے بازی کا مقابلہ بھی ہوتا رہا۔ مظاہرین نے اس موقع پر پوسٹرز اٹھارکھے تھے جن پر مطالبات کی حمایت میں نعرے بھی درج تھے۔

‘عمران خان کے علاوہ سب چور ہیں‘

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کے امریکہ میں شاندار استقبال اورخطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم قابل فخر پاکستانیوں نے کپتان کا شاندار استقبال کرکے تاریخ رقم کردی ہے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوامی وزیراعظم نے عوامی انداز سے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے سامنے نئے پاکستان کا وژن رکھا اور ریاست مدینہ کی طرز پر ایسی ریاست کے قیام کا تصور پیش کیا جہاں حکمران عوام کو جواب دہ ہوں۔

 

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں اور انہوں نے اپنی جدوجہد و مضطوط عزم سے ہمیشہ اپنے مخالفین اور ناقدین کو غلط ثابت کیا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ امریکہ کی تاریخ میں سب سے بڑے اوورسیز اجتماع سے خطاب ان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


متعلقہ خبریں