ایف بی آر نے دو ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا سراغ لگالیا


کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دو ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کا سراغ لگا لیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرنے والے عاطف پردیسی نے مختلف بینک اکاؤنٹس سے بھاری مالیت کا لین دین کیا ہے۔

عاطف پردیسی کے بینک اکاؤنٹس سے دو ارب روپے سے زائد کا لین دین ہوا ہے جبکہ ان کے غیرملکی کرنسی اکاؤنٹ سے بھی تقریباً چھ لاکھ ڈالر کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔ بینکوں میں اربوں روپے کے اثاثہ جات کے علاوہ 16 کروڑ روپے کی جائیداد بھی عاطف پردیسی کے نام پر ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عاطف پردیسی ممکنہ طور پر کسی اہم شخصیت کا فرنٹ مین ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ عاطف پردیسی ایف بی آر کے ٹیکس دہندگان کی فہرست میں رجسٹرڈ ہے اس کے باوجود انہوں نے صفر ٹیکس ادا کیا ہے۔

عاطف پردیسی کو ایف بی آر نے متعدد نوٹسز جاری کیے ہیں مگر تاحال وہ روپوش ہے۔


متعلقہ خبریں