پیپلزپارٹی کا 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ


لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے  رہنما قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ کل جماعتی کانفرنس میں 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کا جو فیصلہ ہوا اس میں ہماری جماعت بھرپور شرکت کرے گی۔

پیپلزپارٹی پنجاب کی میٹنگ کے بعد انہوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ حکومت کے  آمرانہ اور فسطائی حربوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی آزادیوں پر جس طرح قدغنیں لگ رہی اور وہ سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی طرف سے چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کا فیصلہ اٹل ہے اور یہ کسی صورت تبدیل نہیں ہوگا۔

پیپلزپارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ سلیکٹ وزیراعظم صاحب نے امریکہ جاکر بھی اپنی رٹ نہیں چھوڑی اور وہاں بھی اپوزیشن کو دھمکیاں دیں۔ ان کو پاکستان کا مثبت امیج بتانا چاہئیے تھا لیکن انہوں نے پھر وہی باتیں کیں جو ادھر کر تے رہتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ میرا کوئی دوست کسی عہدے پر نہیں ہے، جس شخص کا سب سے بڑا ہتھیار یو ٹرن ہو اسکا دوست کیا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا  امریکہ میں جاکر وزیراعظم صاحب کہتے ہیں کہ میں فلاں قیدی کا اے سی اور کھانا بند کر دوں گا ایسا لگتا ہے وزیراعظم پاکستان نہیں بلکہ اڈیالہ جیل کا سپرنٹینڈنٹ بول رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قیدی کو سہولت دینا آپکا اختیار نہیں ہے اور ہمیں آپکے ان احتسابی ایجنڈے سے نا کل ڈر تھا نہ آج ہے لیکن افسوس ہے کہ آپ بیرون ملک جاکر بھی اپنی تقریر نہیں بدل سکے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ حکومت ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دیتی ہمیں زبردستی جلسہ کرنا پڑتا ہے جب کہ کل تک وزیراعظم صاحب خود جلسے اور کنٹینر فراہم کرنے کی باتیں کر رہے تھے۔


متعلقہ خبریں