وزیر اعظم نے امریکہ میں موچی دروازے والی تقریر کی، احسن اقبال


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ میں بھی موچی دروازے والی ہی تقریر کی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام نے کبھی آمریت کو قبول نہیں کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو بچانے کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری نہیں آنے والی نسلوں کی جنگ ہے  اور اب فیصلہ کن جدوجہد کا وقت آگیا ہے۔ قومی اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے لیکن ہم کسی کو بھی پاکستان میں بنیادی حقوق صلب نہیں کرنے دیں گے۔

مسلم لیگی رہنما نے وزیر اعظم کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم نے واشنگٹن میں وہی تقریر کی جو وہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر کرتے تھے۔ اُن کا نہ تو کوئی ویژن ہے اور نہ ہی کوئی تجربہ۔ اُن کے اعصاب پر نواز شریف سوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لبادے میں بدترین آمریت مسلط کر دی گئی ہے تاہم ہم آئین کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے ہیں۔ عمران خان خیالی پلاؤ بناتے اور بیچتے ہیں وہ نئے لیڈر نہیں انہوں نے خیبر پختونخوا میں 5 سال حکومت کی۔

شاہد خاقان عباسی سے متعلق بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف عمران خان کے کہنے پر انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے اور اُن کا گناہ یہ ہے کہ انہوں نے شدید گیس بحران کو حل کیا، سستا ایل این جی پلانٹ لگا کر دنیا کو حیران کیا اور انہیں کی جدوجہد سے ٹیکسٹائل اور فرٹیلائزر انڈسٹری چل پڑی تھی۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی قطر سے گیس درآمد کرنے پر گرفتاری غلط ہے اس سے پاک قطر تعلقات کو نقصان پہنچے گا۔

اس موقع پر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان دنیا کو بتا رہے ہیں کہ پاکستان ایک چور ملک ہے لیکن یہ نہیں بتا رہے کہ چوری کہاں ہوئی ہے ؟ ایل این جی کا معاہدہ دو حکومتوں کا معاہدہ ہے اور وزیر اعظم اپنے انتقام میں دوست ملک قطر کو بھی گھسیٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی کا ٹرمینل شوکت عزیز کے دور سے لگانے کی کوشش کی جا رہی تھی لیکن شاہد خاقان عباسی نے یہ ٹرمینل 11 ماہ میں سب سے کم قیمت پر لگا کر دکھایا۔


متعلقہ خبریں