دنیا میں طلاق کی چھ مضحکہ خیز وجوہات


’بدصورتی‘ پر طلاق

چین میں ایک شخص جیان فینگ نے نہ صرف اپنی اہلیہ کو طلاق دی بلکہ ’بد صورت‘ ہونے کی بنا پر اس کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ جیان فینگ یہ کیس جیت بھی گیا اور اس کی اہلیہ کو ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑا۔

ہوا کچھ یوں کہ شادی کے وقت فینگ کی اہلیہ نے پلاسٹک سرجری کرالی تھی تاہم انہیں بعد میں اندازہ ہوا کہ ان کی اہلیہ اتنی خوبصورت نہیں جتنی دکھائی دیتی ہیں۔

عدالت نے چینی باشندے کے مؤقف کو تسلیم کیا کہ اسے دھوکا دے کر شادی کی گئی۔

77 سال کی شادی کے بعد طلاق

90 سالہ اینٹونیو نے اپنے 96 سالہ اہلیہ روزہ کو اس وقت طلاق دے دی جب انہوں نے اپنا ایک پرانا ’راز‘ افشا کیا۔

جوڑے کی شادی 77 سال تک قائم رہی تاہم اہلیہ کے 1940 میں ہونے والے ایک افیئر کی بنا پر اینٹونیو نے اسے طلاق دے دی۔

چہرہ دیکھنے پر طلاق

سعودی عرب میں ایک شخص نے طویل عرصے تک شادی کے باوجود اپنی اہلیہ کا چہرہ نہیں دیکھا تھا۔

خاتون ناصرف غیرمردوں بلکہ اپنے شوہر سے بھی پردہ کیا کرتی تھی۔ ایک مرتبہ بیوی سورہی تھی تو اس کے شوہر نے چپکے سے اس کا چہرہ دیکھ لیا۔

اہلیہ کو اس حرکت پر اتنا غصہ آیا کہ اپنے شوہر سے طلاق طلب کرلی۔

صفائی ستھرائی کی لت سے پریشان ہوکر طلاق

جرمنی میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی صفائی ستھرائی کی لت سے پریشان ہوکر 15 سالہ شادی کا خاتمہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق متعلقہ شخص ہر وقت اپنے گھر کی صفائی میں مصروف رہتا تھا جبکہ اسے ہر وقت گھر کا سامان کی جگہ تبدیل کرنے کا بھی شوق تھا۔

ایک دن اس شخص نے دیوار یہ کہہ کر گراڈالی کہ یہ گندی ہے جس کے بعد اس کی اہلیہ نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا۔

شوہر کی بدبو پر طلاق

مصر میں 23 سالہ یارا سعد الدین نے 31 سالہ ایثار علی سے ملنے کے محض دو ہفتوں بعد ہی شادی کرلی۔

شادی کے دو ماہ بعد یارا نے گھر میں لگاتار آنے والی بدبو کا سراغ لگالیا جو کہ اس کا شوہر ہی نکلا۔

ایثار علی کا مؤقف تھا کہ انہیں جلد کی بیماری ہے اور پانی میں جانے سے انہیں الرجی ہے۔ ان کی پہلی بات تو درست تھی تاہم بعد میں پتہ چلا کہ الرجی والی بات درست نہیں۔

ایثار نے اپنی اہلیہ کو طلاق دینے سے انکار کردیا تاہم خاتون نے خلع لے لیا۔

طلاق کیلئے پرندے کی گواہی؟

چین میں ایک خاتون اپنے شوہر کی حرکتوں کی وجہ سے اس پر شک کرنے لگی۔ ایک دن اس نے نوٹس کیا کہ گھر کے پالتو پرندہ ’آئی لو یو‘، ’ڈیورس‘ اور ’پیشنس‘ جیسے الفاظ بولنے لگا ہے۔

اہلیہ نے مزید کھوج لگائی تو پتہ چلا کہ اس کا شوہر اپنی محبوبہ کے ساتھ ان الفاظ کا اکثر استعمال کرتا تھا جس کی وجہ سے پرندے کو یہ الفاظ یاد ہوگئے۔

اہلیہ نے طلاق کے لیے کیس درج کرایا اور پرندے کو بطور گواہ پیش کرنے کی کوشش کی تاہم عدالت نے اس کی اجازت نہیں دی۔


متعلقہ خبریں