قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ایمرجنگ ہائی پرفارمنس کیمپ کا آغاز


اسلام آباد:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے زیر اہتمام قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ایمرجنگ ہائی پرفارمنس کیمپ کا آغاز ہوگیا ہے۔ 

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ کے پہلے روز کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ اور میڈیکل اسکریننگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ این سی اے کوچز نے نوجوان کھلاڑیوں کی سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں حالیہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔

قومی کھلاڑیوں کو ایشیاء کپ اور آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ اور آئندہ آنے والے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کی تیاریوں پر لیکچر بھی دئیے گئے۔ کیمپ میں شریک 17 کھلاڑیوں نے گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق چھ ہفتوں پر مشتمل قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہائی پرفارمنس کیمپ دو مرحلوں میں مکمل ہوگا۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کا اعلی سطح کا وفد  آئندہ جمعہ کو نواب اکبر خان بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ کا دورہ کرے گا،وفد میں وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری، اکبر درانی، شاہ دوست اور پی سی بی ورکنگ گروپ کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

پی سی بی حکام کے مطابق ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد پی سی بی ورکنگ گروپ میں شامل ہیں،چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان اور ڈائریکٹر انفراسٹرکچر اینڈ رئیل اسٹیٹ خیام قیصر بھی ورکنگ گروپ کا حصہ ہیں۔ وفد اسٹیڈیم کے اردگرد کمرشل سہولیات کے مواقع پیدا کرنے کا جائزہ لے گا۔

حکام کے مطابق نواب اکبر خان بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم سے حاصل ہونے والی آمدن کو ریجنل کرکٹ کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔ مرمتی کام نیسپاک کے تعاون سے سیزن 2019 تا 2020ء تک مکمل کرنا ہمارا ہدف ہے۔

پی سی بی ایونٹس ٹیم جلد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ بھی کرے گی،ٹیم نے 18 جولائی بروز جمعرات کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) سبحان احمد نے کہا ہے کہ ہمارا  نظریہ ہےکہ بلوچستان کی عوام کو کرکٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہیں۔بلوچستان کی عوام کے لیے روزگار، آمدن اور تفریح کے مزید مواقع پیدا کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل  ہے۔

سبحان احمد نے کہا کہ یقین ہے کہ ہماری اس حکمت عملی سے مقامی فیمیلز کو بگٹی اسٹیڈیم لانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیے: پی سی بی نے ڈومیسٹک اسٹرکچر کیلئے تجاویز وفاقی حکومت کو بھجوا دیں


متعلقہ خبریں