وزیراعظم عمران خان سے امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی ملاقات


واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان سے  بااثر رپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے پاکستان ہاؤس واشنگٹن میں پیر کے روز ملاقات کی۔

رپبلیکن سینیٹرلنڈسے گراہم‘ جو کہ امریکی سینیٹ کی عدالتی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں‘  پاکستان امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے کے حوالے سےامریکی کانگرس میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔

لنڈسےگراہم  خطے میں پائیدار امن کیلیے امریکہ اور پاکستان کے اچھے تعلقات کو ناگزیر سمجھتے ہیں  اور امریکی کانگریس میں وہ مختلف معاملات پر پاکستان کی حمایت کرتے رہتے ہیں۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ سکریٹری خارجہ سہیل معحمود اور امریکہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹر اسد مجید خان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی مفاد میں مضبوط تعلقات چاہتا ہےاور معاشی، تجارتی، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں عدم استحکام کی بھاری قیمت چکائی ہے، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے،امریکہ کے ساتھ مل کر افغان مسئلے کا سیاسی مفاہمت کے ذریعے حل چاہتے ہیں۔

سینیٹر لنڈسے گراہم نے افغانستان میں مفاہمت کے لئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشنز اور پاک افغان بارڈ سیکیورٹی بڑھانے سے پاکستان کی سیکیورٹی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان تین روزہ دورے پر امریکہ میں موجود ہیں اور واشنگٹن میں اپنے قیام کے دوران وہ مختلف اداروں کے سربراہان‘  امریکی سنیٹرز اور سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کرینگے۔

یہ بھی پڑھیے: عمران ٹرمپ ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شامل ہوں گے

 


متعلقہ خبریں