صومالیہ میں خودکش دھماکہ، 17 افراد ہلاک 28 زخمی

صومالیہ میں خودکش حملہ، 17 افراد ہلاک 28 زخمی

فوٹو: غیر ملکی میڈیا


موغادیشو: صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہونے والے خودکش بم دھماکہ میں 17 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق موغادیشو میں خودکش دھماکہ ائرپورٹ کے نزدیک ہوٹل کے باہر سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر ہوا خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد کار میں رکھا ہوا تھا۔

دھماکہ کے فوری بعد شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 12 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکہ کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ایمبولینس اور ریسکیو اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے مجمع کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے بعد وہاں موجود شہریوں کی بڑی تعداد جائے وقوع سے دور ہٹ گئی۔

عینی شاہد کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ جائے وقوع پر دھویں کے بادل چھا گئے تھے جبکہ دھماکہ سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکہ کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا جبکہ کالعدم شدت پسند تنظیم الشباب نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول کر لی۔

یہ بھی پڑھیں صومالیہ میں خودکش دھماکہ:چھ ہلاک،درجن زخمی

پولیس کا کہنا ہے کہ الشباب کی جانب سے ذمہ داری قبول کیے جانے کے باوجود تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ ہفتہ بھی صومالیہ کی جنوبی بندرگاہ کے شہر میں ایک ہوٹل پر عسکریت پسندوں نے حملہ کر کے قبضہ کر لیا تھا جس میں 26 افراد ہلاک اور 56 زخمی ہوئے تھے جن میں زیادہ تعداد غیر ملکیوں کی تھی۔


متعلقہ خبریں