کراچی میں ہیلمٹ کی پابندی، چار کروڑ کے جرمانے ، تین لاکھ سے زائد چالان

ہیلمٹ (helmet)

کراچی میں ہیلمٹ کی پابندی مہم کے دوران اکیس روز میں ساڑھے چار کروڑ کے جرمانے ، تین لاکھ سے زائد چالان اور ایک لاکھ چورانوے ہزار موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہاہے کہ اگلے مرحلے میں ون وے کی خلاف ورزی پر مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں ون وے کی خلاف ورزی پر بھرپور کارروائی کا آغاز ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاریاں بھی ہوں گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک   ’ہیلمٹ نہیں تو سفر نہیں‘ مہم کی کامیابی پر خوش ہیں۔ کہتے ہیں لوگوں نے مہم کو سراہا ہے۔اس دوران 194761 موٹر سائیکلیں ضبط۔ اور 4 کروڑ 50 لاکھ 30 ہزار 130 روپے کے جرمانے کئے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے ڈی ایم سیز اور انتظامیہ سے درخواست کی کہ سڑکوں کے ڈیزائنز سے پہلے ٹریفک پولیس سے بھی رابطے کریں تاکہ بہتر ٹریفک نظام بحال ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے جارہی ہے، ہمیں محسوس ہوا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر شہری بہت پریشان ہیں۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر لوگ ون وے کی خلاف ورزی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کا آغاز بھی اسی طرح کیا جائے گا جس طرح ہیلمٹ مہم کا کیا گیا۔ مہم کا مقصد قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو روکنا ہے۔ ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نظر انداز کرتی ہے ۔

جاوید مہر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف گرفتاریاں بھی کی جائینگی۔ شہری اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں۔ شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات کا سبب بھی ون وے کی خلاف ورزی ہے

انہوں نے کہا کہ مہم کے حوالے سے تمام ٹریفک اہلکاروں کو آگاہی دی جا چکی ہے۔ ٹریفک پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے کہ مہم کے دوران کسی بھی شہری کے ساتھ کوئی زیادتی نہ کی جائے۔ مہم میں تعاون کرنے والے میڈیا اور دیگر سول سوسائٹی کا بھی مشکور ہوں۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا حادثات کی شرح کم کرنے کیلئے فیصلہ کیاگیاہے، ہیلمٹ ہوناانتہائی ضروری ہے اوریہ انسانی زندگی کی چھوٹی سی قیمت ہر موٹر سائیکل سوار کو ادا کرنی چاہیے۔

یاد رہے رواں سال جنوری میںڈی آئی جی ٹریفک جاویدمہر نے کمشنرکراچی کوخط ارسال کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا، پمپس انتظامیہ نوٹیفکیشن لگانے کی پابند ہوگی۔

خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ خلاف ورزی کرنیوالے پمپ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائےگی، پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن کمشنر کراچی جاری کریں ۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی


متعلقہ خبریں