’عمران خان امریکہ ڈیکٹیشن لینے گئے ہیں‘


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ عمران خان امریکہ ڈیکٹیشن لینے گئے ہیں کیوں کہ یہ سلیکٹیڈ وزیراعظم ہیں اور وہاں سے ڈیکٹیشن لے کر ہی  آئیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام’ ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم نے امریکہ جاتے وقت پارلیمنٹ اور قوم کو اعتماد میں نہیں  لیا۔

ٹرمپ افغانستان سے اپنی فوجیں نکالنا چاہتا ہے اور اسے پاکستان کی ضرورت ہے لیکن دونوں ممالک کے درمیان عدم اعتماد کافی بڑھ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو علم نہیں وزیراعظم امریکہ میں کیا مانیں گے اور کیا منوائیں گے؟

رانا مشہود نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کو جیل بنا دیا ہے اور غریب کو دو وقت کی روٹی ملنا محال ہوگیا ہے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان تواتر سے جھوٹ بولتے ہیں یہ کھل کر بتادیں کہ این آر او مانگ کون رہا ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آمروں والے حربے استعمال کر رہی ہے، انتظامیہ حکومت کی ٹاؤٹ بن چکی ہے اور ان کا رویہ جمہوری نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا جھوٹ عوام کے سامنے آچکا ہے اور بہت جلد ہماری قیادت پر بنائے گئے کیسز کی حقیقت کھل جائے گی۔

وزیر ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا اپنے مفادات کا تحفظ دونوں ممالک کا حق ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بنیاد سیکیورٹی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا امریکی صدر نے دو ماہ قبل خط میں درخواست کی تھی پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور یہ ملاقات بھی امریکی انتظامیہ کی خواہش پر ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عالم اسلام کے رہنما ہیں انہوں نے امریکہ میں وہی باتیں کیں جو ایک جسلے میں کی جاتیں ہیں۔

اتنے بڑے جلسے پر ن لیگ کا حیران ہونا بنتا ہے کیوں کہ انہوں نے کہا آج تک اتنا بڑا جلسہ اپنے خرچے پر نہیں کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو کس بادشاہ نے این آر او کے لیے فون کیا اس بات کا علم نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اپنی ریلیاں کرنے کا حق ہے لیکن یہ لوگ کسی کی پگڑیاں نہ اچھالیں اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی بھی نہیں لگنی چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میں مریم نواز کی تقاریر بند کرنے کے حق میں نہیں ہوں میڈیا کو سینسر نہیں کرنا چاہیے۔

وزیرٹیکنالوجی نے ہم نیوز کےپروگرام میں کہا ہے پاکستان سے باہرن لیگ اور پیپلزپارٹی کی مقبولیت ختم ہو چکی ہے۔

میزبان نے کہا کہ امریکہ کو جب پاکستان کی ضرورت پڑے  وہ پاکستان کو استعمال کرتے ہیں اور بعد میں بھلا دیا جاتا ہے۔

ندیم ملک نے کہا کہ امریکہ پاکستانی فوج سے چاہتا ہے کہ افغانستان کی جیت پلیٹ میں رکھ کر دی جائے تاکہ ٹرمپ اپنی الیکشن مہم میں چلا سکیں۔

انہوں نے کہا امریکہ چاہتا ہے کہ افغانستان کے ساتھ بھارت کے مسائل بھی حل کرے لیکن عمران خان کو چاہیے اپنے قول پر قائم رہیں اور ملک و قوم کو کسی کے سامنے نہ جھکائیں کیوں کہ امریکہ کو پاکستان کی جتنی ضرورت آج ہے اتنی کبھی نہیں تھی۔


متعلقہ خبریں