پیپلزپارٹی نے  گھوٹکی کے ڈسٹرکٹ چیئرمین کو ہٹانے کا مطالبہ  کردیا


پاکستان پیپلزپارٹی نے  گھوٹکی کے ڈسٹرکٹ چیئرمین کو ہٹانے کا مطالبہ  کیا ہے اور اس حوالے سے  الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط بھی لکھ دیاہے۔

پیپلزپارٹی کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیاہے کہ حاجی خان مہر پاکستان پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر ڈسٹرکٹ چیئرمین گھوٹکی منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے   نے اپنی ہی پارٹی کے امیدوار کے خلاف  این اے 205کے ضمنی انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔

خط میں مزید کہا گیاہے کہ حاجی خان مہر این اے 205 کے ضمنی انتخاب میں پی پی مخالف امیدوار علی احمد خان مہر کے ہمراہ فعال کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے ڈسٹرکٹ چیئرمین گھوٹکی کو 17 جولائی کو پارٹی سے نکال دیا تھا ۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے موقف اختیار کیاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نےڈسٹرکٹ چئیرمین گھوٹکی  حاجی خان مہر کو شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے کے بعد پارٹی سےنکال دیا ہے۔

سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کے تحت کاررائی کرتے ہوئے  حاجی خان مہر کو گھوٹکی کی ڈسٹرکٹ کونسل کی چیئرمین شپ سے ہٹایا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: این اے 205گھوٹکی کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 5 روز کیلئے مؤخر


متعلقہ خبریں