این اے 205 گھوٹکی : ووٹوں کی گنتی جاری


سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 میں ووٹ ڈالنے وقت ختم ہوگیا اور اب گنتی کی جارہی ہے۔

این اے 205 کے 289 پولنگ اسٹیشنز میں سے 124 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج وصول ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مقامی نمائندوں کی طرف سے بھیجے گئے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے محمد بخش مھر 40895ووٹ لے کر آگے جب کہ آزاد امیدوار احمد علی خان مہر 34643 لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے محمد بخش مہر کا اپنے بھانجے احمد علی مہرسے کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اس حلقے میں کل ووٹر کی تعداد 3,60,875 ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 2,04,891 جبکہ خواتین ووٹر کی تعداد 1,55,835 ہے۔

حلقے میں مجموعی طور پر 289 پولنگ اسٹیشنز میں سے 125 انتہائی حساس اور 164 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

این اے 205 میں 6 ایس ایس پیز اور 31 ڈی ایس پیز سمیت 3200 اہلکار جبکہ فوجی افسران سمیت 1055 جوان الیکشن ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

امن و امان کی صورت حال بہتر رکھنے کے لئے رینجرز کے بھی 900 اہلکار انتخابی فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ گھوٹکی ڈگری کالج میں پولنگ عملے کو سامان کی ترسیل کر دی گئی ہے۔

سردار احمد علی مہر سابق وفاقی وزیر نارکوٹکس سردار علی محمد خان مہر کے صاحبزادے ہیں اور وہ ٹاؤن کمیٹی خانگڑہ کے چیئرمین تھے۔

انہیں جی ڈی اے، پی ٹی آئی، بااثر مہر گروپ اور حلقہ کے اکثر بااثر سیاسی حلقوں کی حمایت حاصل ہے۔

پی پی پی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر جو کہ سردار غلام محمد مہر مرحوم کے صاحبزادے ہیں انہیں جے یو آئی، با اثر لونڈ گروپ، سندرانی، دھاریجو، ہندو برادری اور دیگر کی حمایت حاصل ہے۔

یاد رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی سردار علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں