امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش، بھارتی میڈیا آگ بگولہ


نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ہوتے ہی بھارتی میڈیا آگ بگولہ ہو گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کہا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان سامنے آتے ہی بھارتی میڈیاآگ بگولہ ہو گیا اور تمام بھارتی چینلز اور اخبارات نے اپنے وزیراعظم پر تنقید شروع کر دی۔ کئی نیوز چیلنز نے تو امریکی صدر کو ہی جھوٹا قرار دے دیا۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

ثالثی کے کردار سے متعلق امریکی صدر کے بیان پر مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سوال کیا کہ کیا بھارتی حکومت ڈونلڈ ٹرمپ کو جھوٹا قرار دے گی یا پھر نئی دہلی نے کشمیر پالیسی پر غیر اعلانیہ پوزیشن بدلی ہے اور تیسرے فریق کو مسئلہ کشمیر میں ملوث کیا ہے؟

بھارتی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے لکھا کہ صدر ٹرمپ کے مطابق مودی نے کشمیر کے متنازع علاقے پر مدد مانگی ہے اور یہ کہ وہ مصالحت کار کا کردار ادا کرکے خوش ہوں گے۔

بھارتی ٹی وی ٹائمز ناؤ نے امریکی صدر کی پیشکش کو عجیب و غریب قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کشمیر پر پاکستانی راگ الاپ رہے ہیں۔ این ڈی ٹی وی نے خبر ایجنسی رائٹرز کے حوالے سے لکھا ہے کہ مودی نے مسئلہ کشمیر پر صدر ٹرمپ سے مدد مانگی ہے۔

دی ہندو نے امریکہ کے صدر کے بیان کو امریکی پالیسی میں تبدیلی کا استعارہ قرار دیا ہے جبکہ زی نیوز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو جھوٹا قرار دے دیا۔ بھارتی چینل نیوز 18 نے تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے ٹوئیٹ کی کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ سے مسئلہ کشمیر پر مدد طلب کی ہے۔


متعلقہ خبریں