کے پی حکومت کی ایم پی ایز کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت


خیبرپختونخوا حکومت نے نومنتخب قبائلی اراکین صوبائی اسمبلی (ایم پی ایز) کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی اور وزیر قانون سلطان محمد اراکین کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت کے نمائندوں نے چار نومنتخب قبائلی اراکین اسمبلی سے رابطہ کیا ہے اور انہیں پی ٹی آئی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی۔

وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ضلع خیبر کے آزاد اراکین بلاول آفریدی شفیق آفریدی سے کل ملاقات ہو چکی ہے جبکہ ضلع مہمند اور اورکزئی کے نومنتخب اراکین سے بھی رابطہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: قبائلی اضلاع میں انتخابات : 5 آزاد اور 5 پی ٹی آئی امیدوار کامیاب

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی محمود خان کی طرف سے نو منتخب ممبران کو پھلوں کا تحفہ پیش کرکے پیغام پہنچایا ہے۔

ابتدائی طور پر آزاد ایم پی ایز نے مثبت جواب دیا ہے مگر مشاورت کے لیے وقت بھی مانگا ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں قبائلی علاقہ جات میں پہلی بار ہونے والے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں چھ آزاد، پانچ پی ٹی آئی، جماعت علماء اسلام (ف) کے تین اور جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایک، ایک امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔


متعلقہ خبریں