نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام،آن لائن رجسٹریشن  کی سہولت کو عوام میں پذیرائی

نیاپاکستان ہاوسنگ منصوبہ

فائل فوٹو


اسلام آباد:نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے لئے نادرا کی جانب سے آن لائن رجسٹریشن  کی سہولت کو عوام میں زبردست پذیرائی ملنے لگی ہے۔طویل قطاروں میں لگ کر انتظار کی جھنجھٹ ختم ہونے پر ایک ہفتے کے دوران 43 ہزار افراد نےاپنی  رجسٹریشن کرا لی ہے۔

ترجمان نادرا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ اسلام آباد میں گھروں کی تعمیر جاری ہے ، منصوبے کے تحت پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر گھروں کی فراہمی ہوگی۔

ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ملک بھرکے 7500 ای سہولت مراکز پر آن لائن رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے،رجسٹریشن فیس نادرا ای سہولت، جازکیش اور ایزی پیسہ سے بھی جمع کرائی جا سکتی ہے۔

نادرا کے ترجمان کا کہناہے کہ نادرا ای سہولت مراکز پر رجسٹریشن کرانے کی کوئی اضافی فیس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں گھروں کی تعمیر کا عمل شروع کردیا گیاہے ۔ دوسرے مرحلے میں دیگر شہروں میں بھی منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 11جولائی کو نیاپاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا 11جولائی کو افتتاح کیا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ حکومت کے پاس 50 لاکھ گھر بنانے کی رقم نہیں ہے اس لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ مکمل کریں گے۔

اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ زون 4 کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں لوگ بینکوں سے قرضہ لے کر گھر بناتے ہیں اور ہم بھی پاکستان میں یہ اسی طرح کا قانون پاکستان میں بھی شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ لوگ بینک سے قرض لے کر اپنا گھر بنا سکیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت گھر کی قیمت عام آدمی کی پہنچ میں ہو گی کیونکہ میرا خواب ہے جو اپنا گھر بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتے ان کو بھی گھر بنانے کا موقع ملے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بڑی تعداد میں لوگ کچی آبادیوں میں رہتے ہیں جس میں صرف کراچی کے لوگوں کی تعداد 40 فیصد ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم بڑے شہروں میں کچی آبادیوں کے لیے بھی اسکیم شروع کر رہے ہیں جبکہ اسلام آباد کے دو سیکٹرز میں جہاں کچی آبادیاں ہیں وہاں بھی اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر اعظم نے اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

نیاہاؤسنگ منصوبہ: فارم جمع کرانے کی تاریخ میں تو سیع

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اس مقصد کے لئے لوگوں کو فارم جمع کرانے کا کہا گیا تھا۔ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے فارم 21 جنوری 2019 تک جمع کرا ئے گئے تھے۔

پہلے لوگوں نے اسلام آباد، فیصل آباد، مظفر آباد، سوات، سکھر، کوئٹہ، گلگت میں  مخصوص ضلعی اور نادرا آفس میں اپنے فارم جمع کروائے تھے۔

قبل ازیں فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 اکتوبر 2018 سے 21 دسمبر 2018 تک مختص کردہ ضلعی ہاؤسنگ پروگرام آفس میں بمعہ 250 روپے رجسٹریشن فیس کے جمع کرائے جا سکتے تھے۔

حکومت پاکستان نے ملک بھر میں ’اپنا گھر‘ نامی منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے فارم نادرا سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

قواعد و ضوابط کے مطابق خاوند ،بیوی اوربچوں میں سے صرف ایک شخص گھر کے لئے درخواست دینے کااہل ہوگا۔ فارم کے خواہش مند کو نام ، شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر اور رہائشی نمبر بتانا ہوگا۔

درخواست دہندہ کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ ماہانہ قسط پانچ ہزار سے 20 ہزارتک میں سے کسی ایک آپشن کا انتخاب کرے۔


متعلقہ خبریں