چیف جسٹس پاکستان 31 جولائی کو روس روانہ ہونگے


اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان آصف سعید خان کھوسہ فیڈرل بیلیف سروس کے زیر اہتمام دسویں عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے 31 جولائی کو  روس روانہ ہونگے۔ 

ذرائع کا کہناہے کہ  یہ کانفرنس روس کے دارالحکومت ماسکو میں 31 جولائی سے شروع ہوگی اور 3 اگست تک جاری رہے گی۔ چیف جسٹس پاکستان روس کے فیڈرل بیلف سروس کے سربراہ کی دعوت پر کانفرنس میں شرکت کے لیے روس جائینگے۔

یاد رہے اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان جون کے دوسرے ہفتے میں برطانیہ کے دورے پر بھی گئے تھے۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے برطانیہ میں کیمبرج یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب بھی کیا تھا۔

جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کا وہاں  اپنے خطاب میں کہنا تھا  کہ اپنے ججز پر اعتماد کریں وہ انصاف کریں گے۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں عدالتوں میں اصلاحات لارہے ہیں جبکہ انصاف یقینی بنانا میری اولین ذمہ داری ہے۔

چیف جٹس نے کہا کہ پاکستان میں انصاف کی فراہمی کی بہتری کے لئے ماڈل کورٹس کا قیام خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں برطانیہ کے برعکس عدلیہ میں ویٹو پاور کا رواج نہیں، ہم کم وسائل کے باوجود انصاف کی فراہمی کے لیے سخت جدوجہد کررہے ہیں۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی کے لیے ہمارا معاشرہ جدوجہد کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کیمرج یونین کے مستقل رکن ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبا کو پاکستان میں قانون سازی اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

حکومت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو نہیں ہٹا سکتی، چیف جسٹس


متعلقہ خبریں