اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا سینیٹ اجلاس چند منٹ ہی چل سکا


اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کیخلاف اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا اجلاس چند منٹ ہی جاری رہ سکا ،حکومت اور اپوزیشن کی ایما پر اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔ 

ایوان بالا کے چیئرمین صادق سنجرانی نے اجلاس کی صدارت کی۔چئیرمین نے اپنے خلاف قرارداد پر تحریک پیش کرنے کی خود اجازت دی جس پراپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ہم نے تحریک جمع کرائی کہ چیئرمین کے معاملے پر ووٹنگ کرائی جائے ۔

راجہ ظفرالحق نے کہا کہ بجائے اس کے کہ تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر کارروائی کی جاتی ایوان میں رولز 218 پر بحث کرائی جارہی ہے ۔ انہوں نے درخواست کی کہ اجلاس کو ملتوی کیا جائے اور یکم اگست کو ہونے والے اجلاس میں قرارداد پر ووٹنگ کرائی جائے۔

قائد ایوان شبلی فراز نے کہا کہ ہم قائد حزب اختلاف کے مؤقف کی قدر کرتے ہیں ۔چئیرمین نے اجلاس غیر معینہ مدت کےلئے  ملتوی کر دیا۔

اس سے قبل چیئرمین سینیٹ  نےرولنگ دی کہ آئین کے آرٹیکل 12 کے تحت ایوان کے قواعدو ضوابط پر سختی سے عمل کیا جائے۔

انہوں نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے تاخیر کو روایت نہ بنایا جائے،چیئرمین سینیٹ کی رولنگ میں کہا گیا کہ چیئرمین یا ڈپٹی چیرمین کو ہٹانے کیلئے نوٹس صرف سینیٹ کے جاری اجلاس میں دیا جاسکتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ قرارداد کے طریقہ سے متعلق مبینہ خدشات پھیلائے جارہے ہیں، یہ کہا گیا کہ چیرمین کو ہٹانے کے حوالے سے آئین، قوانین اور چیئر کی رولنگ واضح ہے، اس حوالے سے اس وقت کے چیئرمین سینیٹ (رضاربانی) کی فروری 2016 کی رولنگ موجود ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا اپوزیشن کی طرف سے یہ کہا گیاہے کہ  آج کے اجلاس میں یہ تحریک پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔رولنگ میں کہا گیا کہ چیئرمین کو ہٹانے کی قرارداد کا نوٹس شرائط پر پورا نہیں اترتا۔

چیئرمین سینیٹ بارے منفی پروپگنڈے کا نقصان سینیٹ آف پاکستان کو ہوتا ہے،اس قرارداد کا نقصان چیئرمین سینیٹ کے عہدے کو پہنچ رہا تھا۔کہا گیا کہ اجلاس کے دوران نوٹس نہیں ملے اس کے باوجود تقسیم کرنے کے احکامات دیے اوروزارت پارلیمانی امور کو بھی اجلاس بلوانے کی سمری بھجوانے کیلئے لکھا۔

یہ بھی پڑھیے: سینیٹ اجلاس میں چیئرمین کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ نہ ہونے کا امکان

صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت ناکام بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

پاکستان پیپلز پارٹی کا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ


متعلقہ خبریں